حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،آیۃ اللہ صافی گلپایگانی کا آیۃ اللہ العظمی سید محمد سعید طباطبائی حکیم کے انتقال کی مناسبت سے ارسال کردہ تعزیتی پیغام کا تفصیلی متن حسب ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
انا لله و اناالیه راجعون
عالم ربّانی فقیہ اہل بیت عصمت و طہارت علیہم السلام حضرت آیۃ اللہ جناب سید محمد سعید طباطبائی حکیم رضوان اللہ تعالی علیہ کی رحلت کی خبر،افسوس اور دکھ کا باعث بنی۔
مرحوم و مغفور حوزہ علمیہ نجف اشرف کے عظیم علمی ستونوں میں سے تھے اور آپ علماء و دانشوروں میں اعلیٰ مقام رکھتے تھے۔
اس جلیل القدر عالم دین کی جانب سے کلمۃ اللہ کی سربلندی،دین مبین کی نصرت،تعظیم شعائر الٰہی،مسجد سہلہ کی نئی عمارت کے قیام میں سر انجام دی جانے والی خدمات اور حضرات معصومین علیہم السلام خاص طور پر حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی بارگاہ میں عرض ادب اور اخلاص،مرحوم کی آخرت کا سامان ہیں۔
حقیر اس عظیم فقدان پر حضرت بقیۃ اللہ الاعظم ارواح العالمین له الفدا،علمائے کرام،حوزہ ہائے علمیہ اور مرحوم آیۃ اللہ العظمی الحاج سید محسن حکیم قدس سرہ کے معزز خاندان اور مرحوم کے بھائیوں اور محترم فرزندوں کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہوئے مرحوم و مغفور کی بلندی درجات کے لئے بارگاہِ الٰہی میں دعا گو ہوں۔
۲۶ محرم الحرام ۱۴۴۳ھ
لطف اللہ صافی