حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حضرت آیت اللہ سید محمدسعید حکیم کی رحلت پر آیت اللہ سید علی سیستانی نے تعزیتی پیغام صادر کیا ہے۔ انہوں نے کہا: حوزہ علمیہ نجف اشرف ایک بزرگ عالم دین اور نامور فقیہ سے محروم ہو گیا ہے۔
ان کے اس بیانیہ کا متن اس طرح ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
انّا لله و انّا الیه راجعون
عالم ربّانی اور فقیہ اہلبیت (علیہم السلام) آیت اللہ سید محمد سعید حکیم (رحمۃ اللہ علیہ) کی غم انگیز رحلت کی افسوسناک خبر موصول ہوئی۔ ان کی رحلت سے حوزہ علمیہ نجف اشرف ایک بزرگ عالم دین اور نامور فقیہ سے محروم ہو گیا۔
آیت اللہ سید حکیم نے خود کو دین و مذہب کی مدد اور علم اور اہل علم کی خدمت کے لیے وقف کر رکھا تھا۔ انہوں نے اپنے بعد علم کی عظیم میراث چھوڑی ہے کہ جس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔
ہم اس مصیبت پر حضرت صاحب العصر والزمان (ارواحنا فداه)، حوزات علمیہ، مرحوم کے خاندان بالخصوص ان کے دو بھائیوں، مرحوم کے فرزندوں اور تمام مومنین کی خدمت میں تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہیں۔
بارگاہ خداوندی میں ملتمس ہوں کہ انہیں اعلیٰ علیین میں جگہ عنایت فرمائے اور اپنے اولیاء حضرت محمد مصطفی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور ان کے پاک خاندان کے ساتھ محشور فرمائے اور مرحوم کے خاندان اور ان کے عقیدتمندوں کو صبر و سکون عطا فرمائے۔
و لا حول و لا قوة الّا بالله العلی العظیم
۲۶ محرم الحرام ۱۴۴۳ هجری قمری
علی حسینی سیستانی