حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،وارانسی/ پیدائشی طور پر عورت مرد کی طرح کائنات کی تمام چیزوں سے افضل وبر تر ہے، قدرت نے اسے بھی ان تمام خوبیوں سے مزین کیا ہے جن کی بنا پر وہ ہرمخلوق سے ممتاز، کائنات کی مخدوم،اور قدرت کا شاہ کار ہونے میں مرد کی برابر کی شریک ہے۔
ان خیالات کا اظہار مولانا ڈاکٹر سید کاظم مہدی جونپوری نے ’’اسلام میں مرد و عورت کا مقام ‘‘ کے موضوع پر حوزہ علمیہ جامعہ جوادیہ پرہلاد گھاٹ بنارس میں بتاریخ ۱۶؍ ربیع الاول بوقت ۱۰؍بجے دن مرحوم آیۃ اللہ علامہ سید ظفرالحسن الرضوی سابق پرنسپل جوادیہ عربی کالج بنارس کی یاد میں آیۃ اللہ سید شمیم الحسن و برادران کی جانب سے ۴۲ویں برسی کے موقع پر نیزعلامہ ظفر الملۃ ؒ کی اہلیہ مرحومہ کی ترویح روح پر فتوح کے لئے منعقدہ پہلی مجلس عزا سے خطاب کے دوران کیا۔
اس کے فوراً بعد دوسری مجلس کو خطاب کرتے ہوئے ممبئی سے آئے مولانا سید حسین مہدی حسینی واعظ قمی نے’’ قرآن اور اہل بیت کی عظمت و فضیلت ‘‘کے موضوع پر خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ سرکار دو عالم نے ہدایت امت کے لیے دو گرانقدر چیزیں چھوڑی ہیں، ”قرآن اور اہل بیت“ اور ان دونوں کا کمال اتحاد یہ ہے کہ اہل بیت کی پوری زندگی میں قرآن مجید کے تعلیمات کی تجسیم ہے اور قرآن کی جملہ آیات میں اہل بیت کی زندگی کی تصویر دیکھی جاسکتی ہے۔ کہیں ان کے کردار کی توقیر ہے تو کہیں ان کے دشمنوں کی تحقیر۔
پروگرام کا آغاز طاہر جواد نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔اور محمد عامر،نقی بنارسی،مولانا مظاہر معروفی،مولانا سجاد بھیک پوری،مولانا دلشاد داندو پوری نے منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر مولانا ابن حسن املوی واعظ ،مولانا مظاہر حسین محمدی،مولانا کرار حسین اظہری،مولانا حسین جعفر وہب محمدآبادی،مولانا ممتاز علی واعظ نئی دہلی،مولانا اشتیاق حسین سیتا پور،مولانا حیدر عباس پرتا ب گڑھی،مولانا رئیس احمد جارچوی،مولانا جاوید حسین نجفی سمیت کثیر تعداد میں علماء و طلباء و مومنین نے شرکت کی۔
https://youtu.be/26bY059JW6M
https://youtu.be/jPP21RDkzUw
https://youtu.be/jPP21RDkzUw