حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام زین العابدین علیہ السلام انسٹیٹیوٹ آف تعلیمات قرآن و اہلبیت علیہم السلام محرابپور سندہ کی جانب سے خمسہ مجالس "ذکر وارث کربلا" کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مولانا شیخ قادر بخش حیدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حسینیت کو عقیدت سے حقیقت تک سمجھنے کے لئے ہمیں اپنے آپ کو حقیقی طور پر امام حسین علیہ السلام کے قریب کرنا ہوگا تب جا کر کربلا کے راز ہم پر عیاں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کو فکری و روحی اور جسمانی طور پر نزدیک سے دیکھنے سے یزید کی فوج کا سالار بھی حر حسینی بن جاتا ہے۔
انہوں نے بیان کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی کربلا کو نذدیک سے دیکھتا ہے وہ حبیب ابن مظاہر ، حر ، جون، سعید، اور زہیر ابن قین ہوتا ہے اور جو بھی کربلا کے نزدیک ہوتا ہے اسے معلوم ہو جاتا ہے کہ امام حسین علیہ السلام دین کا محافظ ہے اور امام نے اصول دین و فروع دین کی عزت بچانے کے لئے امام نے کربلا کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی تحریک ایک الہیٰ تحریک ہے جس سے ہر کلمہ گو کے اندر احساس اسلام زندہ ہوتا ہے ہر انسان کے اندر انسانیت اجاگر ہوتی ہے اور عبادت کی اہمیت اور شعور بڑھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام کی تحریک کسی ایک فرقہ کے لئے نہیں ہے بلکہ امام نے اپنی وصیت میں شر پسند افراد اور ظلم و زیادتی کرنے والوں سے، فتنہ و فساد کرنے والوں سے قطع تعلق کیا ہے یہ افراد جس فرقہ میں بھی ہونگے امام نے ان کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔