۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
شمیم الحسن رضوی
امام خمینی(رہ) نے ہمیں تحریک عاشورا کی صحیح شناخت کی دعوت دی

حوزہ / حجت الاسلام والمسلمین رضوی نے کربلا اور واقعہ عاشورہ کے متعلق امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے بیانات اور افکار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کا عقیدہ تھا کہ ہم سب کربلا اور عاشورہ کی وجہ سے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حجت الاسلام والمسلمین سید شمیم الحسن رضوی نے مرقد امام خمینی میں منعقدہ "امام خمینی(رہ) کے افکار میں تحریک عاشورا" کے عنوان سے آن لائن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا: قرآنی آیات خاص موارد میں نازل ہوتی ہیں لیکن ان کا موضوع عام ہے۔ پس اس آیہ کریمہ کی روشنی میں امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے پروردگار کی اطاعت اور تقوا خداوندی اختیار کرتے ہوئے انقلاب اسلامی کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔

جامعہ جوادیہ بنارس(ہندوستان) کے پرنسپل نے کہا:چونکہ ہمارا موضوع انقلاب اور تحریک کربلا ہے لہذا میں یہاں پر امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ  کے چند فرامین کا حوالہ دیتا ہوں۔

امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا: ہمارے پاس جو کچھ ہے وہ کربلا کی وجہ سے ہے اور انہوں نے ایک اور جگہ فرمایا: ہم سید الشہداء سلام اللہ علیہ کے فرمان کے تابع ہیں۔

انہوں نے ایک اور مقام پر فرمایا: ہمیں اس امر کی جانب متوجہ رہنا چاہیے کہ اگر قیام حضرت سید الشہداء سلام اللہ علیہ نہ ہوتا تو آج ہم کامیابی حاصل نہیں کرسکتے تھے اور ان کا ایک معروف جملہ ہے کہ "محرم اور صفر نے اسلام کو زندہ رکھا ہوا ہے"۔

انہوں نے کہا: اگر ہم امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے ان چند جملوں پر نگاہ کریں تو متوجہ ہوں گے کہ انقلاب اسلامی اور اسی طرح امام راحل کی زندگی بطور کامل انہی چند جملوں کا پرتو ہے اور انہیں چند جملوں سے انقلاب اسلامی اور امام خمینی کی زندگی کو سمجھا جاسکتا ہے۔

حجۃالاسلام رضوی نے کہا: امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے ہم سب کو متوجہ کیا ہے کہ باطل حکومتوں سے مقابلے کا گُر ہم نے تحریک کربلا سے سیکھنا ہے اور ثابت قدمی اور عزم راسخ کا درس بھی ہم نے کربلا سے حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا: امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے ہمیں سمجھایا ہے کہ انقلاب اسلامی کو کامیاب بنانے کے لیےجو  قربانیاں ہم نے دیں وہ بھی درس کربلا کا نتیجہ ہیں۔

ہندوستان کے اس عالم دین نے کہا: امام حسین علیہ السلام کے بیانات کی روشنی میں انقلاب اسلامی کا قیام عاشورہ کی شناخت کا ذریعہ ہے اور انقلاب اسلامی کی اگر شناخت حاصل کرنی ہے تو اسے بھی تحریک کربلا کے پر تو سے پہچانا جا سکتا ہے۔

حجۃالاسلام رضوی نے کہا: امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے بعد ان کے جانشین رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے عزم و ارادہ سے اس انقلاب کی حفاظت کی ہے۔

ہندوستان کے اس عالم دین نے آخر میں حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی بلندی درجات اور رہبر انقلاب اسلامی کی طول عمر کی دعا کرتے ہوئے کہا: خداوند عالم انہیں طولانی عمر عطا کرے تاکہ ان کے سایہ میں انقلاب اسلامی ہمیشہ تابندہ اور سربلند رہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .