حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان، کل ہند شیعہ مجلسِ علماء و ذاکرین اور عبادت خانۂ حسینی کمیٹی کی جانب ہر بدھ کو 8 بجے رات امام جعفر صادق (ع) ہال فسٹ فلور عبادت خانۂ حسینی دارالشفاء میں درس ولایت کا اہتمام کیا گیا ہے۔
صدر مجلسِ علماء و ذاکرین حجت الاسلام والمسلمین مولانا ڈاکٹر نثار حسین حیدر نے اس تربیتی درس میں شہر بھر کے نوجوانوں سے خصوصی شرکت کی گزارش کی ہے۔
انہوں نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوانوں کو علمائے کرام سے قریب ہونا چاہیئے اور اپنے دینی مسائل کا حل ان سے طلب کرنا چاہیئے۔ نوجوان صرف اپنی دنیوی زندگی کے اسیر ہو کر نہ رہیں، بلکہ دینی معلومات کیلئے دینی دروس میں بھی شرکت کریں۔
ڈاکٹر نثار حسین حیدر نے انسانی زندگی میں وقت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوان وقت کو غنیمت جانیں اور وقت کو بے جا ضائع نہ کریں، کیونکہ محشر میں وقت کے بارے میں بھی سوال ہوگا۔
صدر مجلسِ علماء و ذاکرین نے مزید کہا کہ کچھ نوجوان اپنی زندگی سے بہترین استفادہ کررہے ہیں، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ دوسرے نوجوان بھی اپنی زندگی کو اسی طرح آراستہ کریں، کیونکہ ہمارے طرزِ زندگی ہی سے ہماری مذہبی اور گھریلو تربیت کا اندازہ ہوتا ہے۔
انہوں قوم کے جوانوں کے تعلق سے اپنے احساسات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری دلی خواہش ہے قوم کا ہر نوجوان ایسا ہو کہ جب لوگ اس کو دیکھیں تو تعجب سے پوچھیں کہ تمہارا رہبر و پیشوا اور امام کون ہے؟ تم کس کے ماننے والے ہو؟ تو اسوقت نوجوان یہ فخر سے جواب دے کہ میں امیر المؤمنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ کا ماننے والا ہوں۔
آخر میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر درس اخلاق اور دینی معلومات پر مشتمل پروگراموں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ میں ایک بار پھر اپنے نوجوانوں سے درس ولایت میں شرکت کی گزارش کرتا ہوں، یہ درس ہر بدھ کو 8 بجے رات عبادت خانۂ حسینی کے امام جعفر صادق ہال میں ہوگا۔