حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے صدر مولانا صادق جعفری نے ایام شہادت دختر رسول سیدہ فاطمه الزہراء (س) کی مناسبت سے منعقدہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاتون جنت، دختر رسول (ص) حضرت فاطمه الزہراء صلوٰۃاللہ علیہا کا احترام ہر کلمہ گو پر واجب ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت فاطمہ الزہراء معصومہ، صدیقہ و طاہرہ (س) اور جرأت مند مدافع ولایت ہیں، جن کی مظلومیت اور عظیم قربانیوں کا تذکرہ آئمہ اطہار علیہم السلام اپنے اپنے ادوار میں کرتے آئے ہیں۔ خاندان نبوت پر آنے والے روح فرسا مصائب کا ذکر ہمارے عقائد کی روح ہے، یہ وہ ذکر ہے جو چودہ سو سالوں سے ہوتا آیا ہے اور قیامت تک جاری رہے گا۔
مولانا صادق جعفری نے کہا کہ ام الآئمہ حضرت فاطمتہ الزہراء (س) کے حق و صداقت کا سب سے بڑا گواہ کلام پاک کی صورت میں، خدائے بزرگ و برتر خود ہے، یہ وہ واحد برگزیدہ ہستی ہیں، جن کے احترام میں سردار الانبیاء کھڑے ہو جاتے تھے۔ دختر رسول (ص) کا احترام ہر کلمہ گو ہر واجب ہے۔
ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے صدر نے کہا کہ مستند حوالوں سے ثابت ہے کہ نبی کریم (ص) نے اپنی بیٹی کو اپنا ٹکرا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس نے فاطمہ (س)کو اذیت دی اس نے مجھے اذیت دی۔ دین کی معمولی سی سوجھ بوجھ رکھنے والا اس بات کو سمجھ سکتا ہے کہ نبی (ص) کو اذیت دینے والے سے خدا کبھی راضی نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں حقیقی وقار و عظمت اور آخرت میں کامیابی کی منازل تک پہنچنا ہے تو اہل بیت علیہم السّلام کے راستے پر چلنا ہو گا۔ امت مسلمہ حضرت فاطمتہ الزہراء سلام اللہ علیہا کی حقیقی معرفت حاصل کر کے فرقہ واریت کو شکست دے سکتی ہے۔