حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک آزادی القدس پاکستان کی جانب سے گلشن اقبال کراچی میں نجی سپر مارٹ کے قریب عوامی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد رمضان المبارک سے قبل شہریوں میں امریکی و اسرائیلی اشیاء کے حوالے سے باخبر کرنا اور ان اشیاء کے بائیکاٹ کی آگاہی فراہم کرنا ہے۔عوامی آگاہی مہم میں طلباء کی بڑی تعداد نے حصہ لیا اور شہریوں کے درمیاں ہنڈبلز تقسیم کئے جن میں اسرائیلی و امریکی حمایت یافتہ مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ درج تھا۔
اس موقع پر ترجمان تحریک آزادی القدس پاکستان علی زاہدی کا کہنا تھا کہ ماہ مبارک رمضان کی آمد آمد ہے اور یہ وہ وقت ہے جب شہری رمضان کے حوالے تیاریوں میں مصروف ہوتے ہیں، اس موقع کی مناسبت سے تحریک آزادی القدس پاکستان نے ملک بھر میں امریکی و اسرائیلی مصنوعات کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم کا آغاز کردیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ غاصب ریاست اسرائیل کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے آشکار ہوچکا ہے اور مغرب کے نام نہاد انسانی حقوق کے دعویدار بھی اب غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے غزہ میں جاری جنگی جرائم معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کے قتل عام پر خاموش ہیں،فلسطینی مقاومت نے امت مسلمہ پر یہ واضح کردیا ہے کہ اسرائیل کی نابودی ہی فلسطین کے حل کا واحد راستہ ہے، لہذا دو ریاستی حل کا فارمولا کسی طور بھی پوری دنیا کے مسلمانوں کو قبول نہیں اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ جب مسلمانان عالم بیت المقدس کی آزادی اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس عظیم الشان طریقے سے منایا جائے گا، عوام سے گزارش ہے قاتل امریکی و اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے ساتھ ساتھ جمعۃ الوداع کے روز مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کیلئے گھروں سے باہر نکلیں۔