حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے مقرین نے تاریخ فلسطین اور صہیونی افواج کے وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والے معصوم بچوں، خواتین، بزرگوں سمیت متعدد بے گناہ عوام کے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد ازجلد صیحت یابی کیلئے خصوصی دعائیں کی، جس میں ملکی عوام نے مظلوم فلسطینی مسلمان سے اظہار یکجہتی اور غاصب اسرائیل کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا۔
کراچی جامع مسجد خوجہ شیعہ اثنا عشری کھارادر کے باہر مرکزی احتجاج کیا گیا، جس کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی نے کی۔ اس موقع پر کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری، علامہ ملک عباس، علامہ مبشر حسن سمیت مظاہرین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مظاہرین نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی پر زور مذمت کرتے ہوئے امریکہ، اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور پرچم نظر اتش کئے۔
مظاہرین سے خطاب میں علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ اقوام عالم امریکہ، برطانیہ کی سرپرستی میں جاری جنگ اور فلسطینیوں سے ان کی قبضہ سرزمین کو غاصب اسرائیل سے چھڑانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان دو ریاستی حل کی بات کرکے فلسطین کاز کے ساتھ خیانت کی مرتکب ہو رہی ہے، فلسطینی مزاحمت نے دو ریاستی حل کو دفن کر دیا ہے، غزہ میں امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی ہر سطح پر مذمت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نومبر 1947ء کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے فلسطینی عوام کے ساتھ نا انصافی کی گئی اور فلسطین کو تقسیم کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ عرب اور مسلمان حکمرانوں کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ عرب حکومتیں اسرائیل کو تیل اور گیس کی سپلائی بند کریں۔