۲۲ شهریور ۱۴۰۳ |۸ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Sep 12, 2024
علامہ عارف حسین واحدی / شہید عارف الحسینی

حوزہ / علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: شہید عارف حسین الحسینیؒ ایک متقی،مخلص،محب وطن،عالم اسلام کے خلاف اندرونی بیرونی سازشوں سے آگاہ اور اتحاد بین المسلمین کے علمبردار عظیم رہنما تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد شہید حضرت علامہ سید عارف حسین الحسینی رہ کی 36ویں برسی کی مناسبت سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہید بزرگوار ایک متقی، مخلص، محب وطن، عالم اسلام کے خلاف اندرونی بیرونی سازشوں سے آگاہ اور اتحاد بین المسلمین کے علمبردار عظیم رہنما تھے۔

انہوں نے کہا: جہاں انہوں نے ملک میں اسلامی،نظریاتی اور عقیدتی بنیادوں کو مضبوط کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا وہاں ہی بہت مثبت انداز میں پوری قوت کے ساتھ اپنے ملی مذہبی حقوق کے لیے کوشاں رہے۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے کہا: قائد شہید رہ نے اپنی مختصر زندگی میں پاکستان کے تمام مذاہب،مسالک اور طبقات میں محبت و اخوت اور اتحاد و وحدت قائم کرنے اور ملک و ملت کو انتشار،افتراق،فرقہ واریت اور تکفیر کے فتنے سے بچانے کے علاوہ علاقائی اور لسانی تعصبات کے خاتمے کے لئے مسلسل جدوجہد کی۔ اس لئے وہ ملک کے تمام طبقات میں برابر مقبول رہنما کے طور پر جانے اور پہنچانے جاتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا: شہید عارف الحسینی رہ عالمی سامراجی شیطانی طاقتوں کی سازشوں سے صرف آگاہ نہ تھے بلکہ اس حوالے سے اپنے قومی پلیٹ فارم سے مسلسل عوام کو آگاہی اور شعور دیتے رہتے تھے۔ دنیا میں تمام اسلامی تحریکوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر اپنا کردار ادا کرتے رہے۔

انہوں نے کہا: انقلاب اسلامی کی قیادت سے ان کی روحانی وابستگی اس درجہ پر تھی کہ ان کی شہادت پر بانی انقلاب حضرت امام خمینی رہ نے ان کو اپنا روحانی فرزند کہا۔ اس کے علاوہ نوجوان اور جوان نسل کی عقیدتی اخلاقی سیاسی تربیت،عملی سیاست میں جرأت مندانہ انداز میں ان کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں اس لئے دشمن ان کو برداشت نہ کر سکا اور ان کو شہید کر کے قوم کو ایک عظیم مذہبی سیاسی راہنما سے محروم کر دیا گیا مگر الحمد للہ ان کے انتہائی قابل اعتماد اور باوفا ساتھی، بابصیرت اور مدبر جانشین حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کی قیادت میں ان کا یہ عظیم مشن جاری ہے اور جاری رہے گا، ان شااللہ۔

شہید قائد نے ملک میں اسلامی، نظریاتی اور عقیدتی بنیادوں کو مضبوط کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا

تبصرہ ارسال

You are replying to: .