۲۳ آذر ۱۴۰۳ |۱۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 13, 2024
منیر حسین گیلانی

حوزہ/سابق وزیر تعلیم اور اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین نے اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں کے اعزاز میں دئیے عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں باغی گروہ کی کامیابی کے پوری دنیا پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سابق وفاقی وزیر تعلیم اور اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی نے کہا ہے کہ سیاست سے اصول پسندی ختم ہوتی جا رہی ہے۔ ریاستی اداروں کی سیاست میں مداخلت کی وجہ، سیاسی جماعتوں کی اپنی کمزوری ہے۔ سیاست عوام کی ملکی امور میں شمولیت کا نام ہے مگر عام لوگوں کواس سے دور رکھا گیا ہے۔ چھوٹا طبقہ اپنی روزی روٹی کی چنگل سے ہی نہیں نکل سکا، جس کی وجہ سے سیاست سے عام لوگ متنفر ہوتے جارہے ہیں۔ افسوسناک بات یہ بھی ہے کہ سیاسی جماعتوں پر چند خاندانوں کے تسلط نے بھی عام آدمی کو سیاست سے دور رکھا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر سینئر صحافیوں کے اعزاز میں عشائیے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

عشائیے میں کالم نگار چودھری خادم حسین، علی جاوید نقوی، اشرف سہیل، نذیر بھٹی، تصور شہزاد، شبیر حسین گیلانی، محمد حسنین اور دیگر موجود تھے۔

منیر گیلانی نے کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان کرنا آسان مگر اس پر عمل درآمد مشکل ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جب پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے ساتھ جی ڈی اے کا حصہ تھے تو اس وقت بھی اسی طرح سیاسی نابالغوں جیسی باتیں کرتے تھے۔ اگر کوئی سول نافرمانی کی تحریک چلانا چاہتا ہے تو اس کے لیے پہلے فضاء ہموار کی جاتی ہے۔ کیا عام آدمی اس کے لیے تیار ہے کہ وہ بجلی کے بل نہ ادا کرے، بینکوں میں پیسے جمع نہ کروائے، پانی اور گیس کے بل نہ دے۔ کیا تحریک انصاف نے لوگوں میں ان بنیادی سہولتوں سے انکار کی جرأت پیدا کردی ہے؟یقینی طور پر تحریک انصاف ایسا کوئی کام نہیں کر سکتی۔ سب سے پہلے تحریک انصاف کو خود اپنی حلقوں میں اتحاد اور ایک مؤقف اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شام کے باغی گروہ کی کامیابی کے صرف مشرق وسطیٰ ہی نہیں، بلکہ پوری دنیا میں منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .