حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بشار الاسد کی حکومت کے سقوط اور شامی دارالحکومت پر مخالفین کے قبضے کے بعد، دمشق کا بین الاقوامی ہوائی اڈے کو تمام پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان سے حضرت زینب بنت علی سلام اللہ علیہما کی زیارت پر جانے والے زائرین کی سرگردانی و پریشانی کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
پاکستانی نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق، دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مسلح مخالفین کے قبضے کے بعد تمام پروازیں منسوخ کردی گئيں ہیں، جن میں دمشق سے پاکستان جانے والی پروازیں بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں پاکستانی زائرین زیارت کے لئے شام گئے تھے، جو دمشق ہوائی اڈے کی بندش کی وجہ سے شام میں ہی محصور ہو گئے ہیں۔
اس سے قبل، پاکستانی وزارتِ خارجہ نے اپنے شہریوں کو ہدایت دی تھی کہ شام کا سفر نہ کریں اور جو لوگ شام میں موجود ہیں وہ دمشق میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطے میں رہيں۔
دمشق میں پی آئی اے کے دفتر کے ایک ذمہ دار نے بتایا ہے کہ شام سے باہر جانے والی تمام پروازیں منسوخ ہونے کے بعد تقریبا 250 پاکستانی زائرین دمشق میں محصور ہو گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا ہے کہ محلہ زینبیہ میں مسلح افراد کی فائرنگ کے باعث پاکستانی زائرین میں وحشت پھیل گئی ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کی صبح شامی فوج کے اعلیٰ حکام نے بشار الاسد کی حکومت کے سقوط کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے شامی فوج کا مذکورہ بالا بیان اتوار کی صبح، دمشق پر مسلح گروہوں نے مکمل قبضہ کرنے اور بشار الاسد کے شام سے نکل جانے کی خبر نشر ہونے کے بعد جاری کیا تھا۔