اتوار 30 مارچ 2025 - 19:28
چاند نظر آگیا، ایران سمیت ہندوستان، 
پاکستان میں عید الفطر کا اعلان

حوزہ/ رہبر انقلاب اسلامی اور ولی فقیہ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے دفتر نے ایران میں چاند نظر آنے اور کل پیر کو عیدالفطر کا اعلان کردیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں قائم ہلال کمیٹوں کی رپورٹوں کی بنیاد پر رہبر انقلاب اسلامی کے نزدیک ماہ شوال کا چاند ثابت ہوگیا ہے لہذا کل بروز پیر یکم شوال اور عیدالفطر ہے۔

تہران میں عید الفطر کی نماز مصلی امام خمینی (رح) میں صبح آٹھ بجے آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی امامت میں ادا کی جائے گی۔

پاکستان کی رؤیت ہلال کمیٹی کے مطابق، ماہ شوال کے چاند کے رؤیت کی تصدیق ہوگئی ہے لہذا کل بروز پیر، عید الفطر کا اعلان کیا جاتا ہے۔

پیر کی صبح پاکستان بھر میں نماز عید الفطر کے پرشکوہ اجتماعات منعقد ہوں گے۔قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں عیدالفطر کی مناسبت سے 3 دن کی عام تعطیل ہوتی ہے۔

ہندوستان کے مختلف علاقوں میں بھی ماہ شوال کا چاند نظر آنے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ لکھنؤ، حیدرآباد دکن اور کشمیر کے مختلف اضلاع میں چاند کے نظر آنے کی مصدقہ رپورٹ مل گئی ہے۔ اس کے بعد پیر کے روز ہندوستان میں بھی عید الفطر کا اعلان کردیا گیا ہے۔

سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، شام، لبنان، بحرین میں آج عید کا اعلان کیا گيا تھا اور ان ملکوں کے ساتھ دنیا کے دیگر کئی ملکوں میں مسلمان روزہ داروں نے جذبہ ایمانی کے ساتھ و جوش و خروش سے عید الفطر منائی۔ طالبان نے بھی اتوار کو عید منانے کا اعلان کیا جبکہ عراق، عمان، مصر، اردن، برونئی ملیشیا میں پیر کے روز عید کا اعلان کیا گيا ہے۔ عراق میں شیعوں کے مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی کے دفتر کی جانب سے پیر کو عید الفطر کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ عراق کے سنی وقف بورڈ نے اتوار کو عید فطر کا اعلان کیا تھا۔ترکیہ میں ہفتے کے روز سے ہی عید الفطر کی نو روزہ چھٹیوں کا آغاز ہو گيا۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha