حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق،پاکستان کے مختلف شہروں منجملہ اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور کراچی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے۔ ان اجتماعات میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ بالخصوص فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، نماز عید کے اجتماعات میں میں اہم حکومتی اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا، جہاں سیاسی شخصیات اور شہریوں نے نماز عید ادا کی۔
کراچی میں گرومندر سبیل کی مسجد میں نماز عید الفطر کا بڑا اجتماع ہوا، اس کے علاوہ پولو گراؤنڈ، طوبیٰ مسجد (المعروف گول مسجد) ڈیفنس میں بھی نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا۔
لاہور کے باغ جناح اور مینار پاکستان میں بھی عید کی نماز کے اجتماعات ہوئے، لاہور کی بادشاہی مسجد میں بھی نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا، مولانا عبدالخبیر آزاد نے نماز عید پڑھائی، نماز عید میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
راولپنڈی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع لیاقت باغ میں ہوا۔
پشاور میں عید الفطر کی نماز مرکزی عید گاہ چارسدہ روڈ پر ادا کی گئی۔
نماز عید کے اجتماع میں ملکی سلامتی، خوشحالی، قومی یکجہتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
آپ کا تبصرہ