جمعرات 17 اپریل 2025 - 19:32
پاکستانی عوام فلسطینیوں کے شانہ بشانہ، ملتان میں ریلی اور مظاہرہ

حوزہ/ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے، فلسطینی مسلمانوں کے لیے خصوصی دعاوں کا اہتمام کیا جائے اور فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ہر پاکستانی کو آواز بلند کرنی چاہیے اور ہمارے حکمرانوں کو عملی اقدامات کرنے چاہیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں فلسطینی مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کے سلسلے میں، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام "فلسطینی مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی" اور عظیم الشان "اسرائیل مردہ باد ریلی" کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ریلی دفتر ختم نبوت، حضوری باغ روڈ سے نکل کر پریس کلب ملتان تک نکالی گئی۔

ریلی عصر کے بعد دفتر ختم نبوت سے شروع ہوئی، جو گھنٹہ گھر، فوارہ چوک اور نواں شہر چوک سے گزرتی ہوئی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں یہ ایک بڑے مظاہرے کی صورت اختیار کر گئی۔

اس موقع پر مختلف مقررین نے خطاب کیا، جن میں شاہین ختم نبوت مولانا اللہ وسایا، مولانا احمد انور، مولانا عطااللہ شاہ ثالث، مولانا قاری طاہر رحیمی، مولانا عمران کریم، مولانا محمد انس، مولانا محمد وسیم اسلم، مفتی عامر محمود، مولانا مفتی عمر فاروق، مولانا عتیق الرحمن، مولانا جنید احمد، مولانا محمد آصف قادری، مولانا ایاز الحق قاسمی، رانا فراز نون، مولانا عدنان کاشف، مولانا محمد حارث اور ملی یکجہتی کونسل کے رہنما حافظ محمد اسلم شامل تھے۔ ان تمام علماء و خطباء نے شرکاء سے خطاب کیا اور اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ: اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔ فلسطینی مسلمانوں کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے۔ہر پاکستانی کو فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔ ہمارے حکمرانوں کو اس حوالے سے عملی اقدامات کرنے چاہییں۔ او آئی سی، جو کہ 57 اسلامی ممالک کے سربراہان کی تنظیم ہے، اس کے فوری اور مؤثر اجلاس کو یقینی بنایا جائے۔

پنڈال میں چاروں جانب فلسطین اور پاکستان کے پرچم لہرائے گئے جبکہ اسٹیج پر بھی دونوں ممالک کے پرچم نمایاں طور پر موجود تھے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha