حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کل ہند مجلس علماء و ذاکرین حیدرآباد، حجۃالاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آغا نے گوشہ محل کے ایم ایل اے اور بی جے پی لیڈر ٹی راجہ سنگھ کی جانب سے نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی شان اقدس میں کی گئی گستاخی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومتِ تلنگانہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹی راجہ سنگھ کی اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور اشتعال انگیز بیانات کوئی نئی بات نہیں، لیکن حالیہ دنوں میں انہوں نے رسولِ رحمت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی شان میں ایسے نازیبا اور توہین آمیز الفاظ استعمال کیے ہیں جن سے تمام مسلمانوں اور انصاف پسندوں کے دلوں کو شدید صدمہ پہنچا ہے۔
مجلس کے صدر حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آغا نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ ایسے عناصر کے خلاف مثال قائم کرے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی شخص اس عظیم ہستی کی شان اقدس میں گستاخی کرنے کی جرأت نہ کرے اور تلنگانہ میں امن و امان اور بھائی چارے کا ماحول برقرار رہے۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو اتحاد و بیداری عطا فرمائے اور گستاخانِ رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے شر سے محفوظ رکھے۔









آپ کا تبصرہ