اتوار 2 نومبر 2025 - 16:39
جو حضرات مجتہد نہیں ہیں وہ اپنی طرف سے فتویٰ جاری نہ کریں!

حوزہ / آیت اللہ غلام رضا فیاضی نے "علوم انسانی اسلامی" پری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: جو حضرات درجہ اجتہاد تک نہیں پہنچے انہیں اپنی طرف سے فتویٰ دینے سے پرہیز کرنا چاہیے کیونکہ جس شخص کے پاس علم نہ ہو اور وہ فتویٰ دے وہ خود بھی گمراہ ہوتا ہے اور دوسروں کو بھی گمراہ کرتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پہلی بین الاقوامی پری کانفرنس "تبیین ضرورت دروسِ معارف قرآن" آج امام خمینی(رہ) انسٹیٹیوٹ قم کے ہال میں منعقد ہوئی۔ جہاں آیت اللہ فیاضی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا: میں نے جب فلسفہ اسلامی کی تعلیم کا آغاز کیا تو یہ احساس تھا کہ اس میدان میں قدم رکھنا ایک لازمی ضرورت ہے۔ آج فلسفہ کسی خاص طبقے تک محدود نہیں رہا بلکہ عام ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا: ہمارے بزرگ استاد علامہ مصباح یزدی(رہ) بارہا اس بات پر تأکید فرماتے تھے کہ دیکھنا یہ ہے کہ جو کام ہم انجام دے رہے ہیں وہ صرف واجب نہ ہو بلکہ وہ "اوجب" ہو۔ عقل بھی یہی کہتی ہے کہ جب کوئی "اہم" ذمہ داری سامنے ہو تو "کم اہم" کاموں پر وقت صرف کرنا درست نہیں۔

جامعه مدرسین حوزه علمیه قم کے اس رکن نے مزید کہا: ہر طالب علم، چاہے وہ کسی بھی شعبے میں تحصیل کر رہا ہو، اسے چاہئے کہ اپنے دروسِ حوزہ کو سنجیدگی اور مضبوطی کے ساتھ آگے لے کر چلے۔ علامہ مصباح(رہ) کا نظریہ یہ تھا کہ طالب علم کو اس حد تک پہنچنا چاہئے کہ وہ براہِ راست قرآن کریم اور احادیث اہل بیت علیہم السلام سے استفادہ کر سکے۔

انہوں نے آخر میں کہا: بعض افراد کی استعداد انہیں مقام فقاہت تک لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے اور بعض کو یہ سمجھنا چاہئے کہ جب تک وہ اس مقام تک نہ پہنچ جائیں، انہیں اپنی طرف سے فتویٰ دینے کے بجائے اہل فقہ و اہل نظر کی آراء نقل کرنی چاہئیں۔ قرآن کریم میں بھی آیا ہے کہ: "جس چیز کا علم نہ ہو اس کی پیروی نہ کرو" اور کافی شریف کی معتبر روایات میں بھی ہے کہ: "جو بغیر علم کے فتویٰ دے وہ خود بھی گمراہ ہوتا ہے اور دوسروں کو بھی گمراہ کرتا ہے۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha