حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نائب صدر جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم، آیت اللہ عباس کعبی نے حوزہ نیوز ایجنسی کے مرکزی دفتر میں منعقدہ کتاب ’’فقہِ خبر‘‘ کی رونمائی کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ ’’فقہِ خبر‘‘ ایک اسٹریٹیجک علمی میدان ہے جو افکار کی درست رہنمائی اور سماجی بصیرت کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے محاذ پر خدمت دین ایک شرعی و قومی ضرورت ہے، کیونکہ میڈیا صرف اطلاع رسانی کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک ثقافتی، تمدنی اور اخلاقی ہتھیار ہے۔
آیت اللہ کعبی نے حجت الاسلام والمسلمین محمد مهدی محققی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کتاب نے دینی میڈیا کے فقهی اور اخلاقی اصولوں کی بنیاد فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام میں میڈیا کو فقه، اخلاق اور دینی اصولوں کی روشنی میں چلنا چاہیے، تاکہ عدل، امانت اور اجتماعی مصالح کی پاسداری ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ خبر نگاری میں صداقت اور امانت لازم ہے، اور جھوٹ، فتنہ انگیزی یا تهمت پھیلانے والی خبریں شرعاً حرام ہیں۔ میڈیا کا فرض ہے کہ معاشرے میں اعتماد، شفافیت اور اتحاد کو فروغ دے۔
آیت اللہ کعبی نے کہا کہ ’’فقهِ خبر‘‘ کو حوزہ ہائے علمیہ میں بطور درس شامل کیا جانا چاہیے تاکہ طلاب اس میدان میں دینی بصیرت حاصل کریں۔ ان کے بقول، خبر کے دربان (Gatekeepers) وہ افراد ہیں جن پر خبر کی صحت، انتخاب اور اشاعت کی ذمہ داری ہے؛ انہیں عدل و امانت کے ساتھ کام کرنا چاہیے اور افراد کی حرمت و حریم خصوصی کا احترام لازمی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عصرِ حاضر میں جب مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل میڈیا تیزی سے ترقی کر رہا ہے، ضروری ہے کہ میڈیا کی پالیسیوں کو فقهی بنیادوں پر از سرِ نو ترتیب دیا جائے۔ میڈیا کو اشتعال انگیز، تحریف شدہ یا نقصان دہ مواد سے گریز کرتے ہوئے تعلیم، آگاہی اور تمدنی استحکام کا ذریعہ بننا چاہیے۔
آیت اللہ کعبی نے کہا کہ دشمن آج میڈیا کے ذریعے حقائق کو مسخ کر کے قومی اتحاد کو نشانہ بنا رہا ہے، لہٰذا ہمیں ’’جهادِ خبر‘‘ کے ذریعے ان فتنوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جنگ ٹیکنالوجی پر مبنی جنگ ہے، جس میں دشمن کی جھوٹی روایتوں کے مقابل سچائی کی روایت قائم رکھنا ہی اصل جهاد ہے۔









آپ کا تبصرہ