حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق, امام جمعہ قم اور متولی حرم مطہر حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا آیت اللہ سید محمد سعیدی نے عدلیہ کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین غلام حسین محسنی اژهای کی موجودگی میں ہونے والے صوبائی انتظامی کونسل کے اجلاس میں گفتگو کے دوران کہا: جو بھی شخص کسی ذمہ داری کے منصب پر فائز ہوتا ہے اسے جان لینا چاہیے کہ یہ مقام ایک الہی امانت ہے اور کوئی نعمت ایسی نہیں جس کے بارے میں سوال نہ کیا جائے۔ انسان کو چاہیے کہ وقت گزرنے سے پہلے خدمت کے مواقع کی قدر کرے۔
انہوں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ایک فرمان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: حسرت کا وقت آنے سے پہلے انسان کو غور کرنا چاہیے کہ کون سے کام اسے کرنے چاہیے تھے اور وہ چھوڑ بیٹھا ہے اور پشیمانی سے پہلے اصلاح کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہیے۔
امام جمعہ قم نے امیرالمؤمنین علیہ السلام کے فرمان کی روشنی میں کہا: عقلمند انسان وہ ہے جو پشیمانی سے پہلے اصلاح نفس اور درست عمل کی طرف متوجہ ہو اور خدمت کے مواقع سے فائدہ اٹھائے۔ ذمہ داری ایک الہی نعمت ہے جس کی قدر کرنا ضروری ہے کیونکہ ایک دن ہم سب سے ان امکانات اور مواقع کے بارے میں سوال ہو گا جو ہمیں عطا کیے گئے۔
آیت اللہ سعیدی نے اپنی گفتگو کے دوران امام صادق علیہ السلام کی سیرت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: حقیقی ذکر اور یادِ خدا یہ ہے کہ انسان لوگوں کی مشکلات کو حل کرے اور ان کی خدمت کو عبادت سمجھے۔ بعض اوقات بندگانِ خدا کی حاجت روائی ظاہری عبادتوں سے بھی زیادہ بافضیلت ہوتی ہے کیونکہ خدا کی خوشنودی بندوں کی خدمت میں مضمر ہے۔









آپ کا تبصرہ