حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندہ سے اصفہان میں گفتگو کرتے ہوئے اسلامی مشاورتی کونسل کے نمائندہ حجت الاسلام والمسلمین محمد تقی رہبر نے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے بلند مقام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: تمام اسلامی منابع چاہے شیعہ ہوں یا اہل سنت اس عظیم ہستی کے مقام و مرتبہ پر متفق ہیں۔ معتبر اہل سنت منابع جیسے صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں «فضائل فاطمہ» کے عنوان سے مستقل ابواب موجود ہیں جو حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کے بلند مرتبہ کی دلیل ہیں۔
انہوں نے کہا: حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کا مقام اس قدر بلند ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: «إنما فاطمه بضعة منی یؤذینی ما آذاها» یعنی فاطمہ میرا ٹکڑا ہیں جو اسے اذیت دے وہ مجھے اذیت دیتا ہے۔ ایک اور روایت میں ہے: «فاطمه زهرا سیدة نساء أهل الجنة» یعنی فاطمہ جنتی عورتوں کی سردار ہیں۔ صحیح بخاری کے پانچویں جلد میں حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کی نمازوں کے بعد اور سحرگاہوں کی دعائیں اور مناجات بھی درج ہیں جنہیں بعد میں ایک مستقل کتاب کی صورت میں شائع کیا گیا ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین رہبر نے حضرت زہرای مرضیہ سلام اللہ علیہا کی شخصیت کے عالمی اثرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: سعودی عرب کے ایک دانشور ڈاکٹر عبده یمانی نے «إنّها فاطمة الزهراء» کے نام سے کتاب لکھی ہے جس کا فارسی ترجمہ انہوں نے خود «فاطمه الزهرا» کے نام سے شائع کیا۔
انہوں نے اس کتاب کے دو منتخب فقروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا: تاریخ فاطمہ بیان کرنا در حقیقت امت اسلامی کی بنیادی تاریخ کو پیش کرنا ہے؛ ابتدا کے رنج و مصائب، رسالت کے ابتدائی مراحل کی جدوجہد، دورِ قریش کے مظالم میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ استقامت، باپ کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی وہ باوقار، شجاع، مطیع، امانتدار اور مؤدب دختر رسول، جو مصطفیٰ کی جھلک تھی اور مدرسہ نبوت میں تربیت پا کر اعلیٰ اخلاقی فضائل کے ساتھ فرشتوں کے ہم مرتبہ بن گئی۔ امت اسلامی خصوصاً خواتین اس عظیم خاتونِ اسلام سے درس لیتی ہیں۔
اسلامی مشاورتی کونسل کے نمائندہ نے کہا: امت اسلامی خصوصاً مسلمان خواتین اور بچیاں اپنی زندگی کے ہر پہلو میں حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا سے سبق سیکھیں۔









آپ کا تبصرہ