حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سوشل میڈیا کی بڑھتی ہوئی اہمیت، اس کے اخلاقی تقاضوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا ایک طاقتور ذریعہ اظہار ہے، جو خیر و شر دونوں کے فروغ کا سبب بن سکتا ہے، اس لئے اس کا استعمال اعلیٰ اخلاقی اقدار، سچائی اور ذمہ داری کیساتھ ہونا چاہئے۔ وہ منہاج یوتھ لیگ کے ذمہ داران سے گفتگو کر رہے تھے۔
ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا رائے عامہ کی تشکیل، تعلیم، دعوت اور اصلاح معاشرہ کا موثر ذریعہ بن چکا ہے، اگر اسے مثبت اور تعمیری مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے تو یہ علم، شعور اور امن کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے، جبکہ غیر ذمہ دارانہ اور غیراخلاقی استعمال معاشرتی بگاڑ، نفرت اور انتشار کو جنم دیتا ہے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس بات پر زور دیا کہ سوشل میڈیا صارفین کو خبر یا معلومات شیئر کرنے سے قبل اس کی تصدیق کرنی چاہئے، کیونکہ چھوٹی خبروں اور منفی پروپیگنڈے سے نہ صرف افراد بلکہ پورا معاشرہ متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام ہمیں سچ بولنے، امانتداری اور دوسروں کی عزت و آبرو کے تحفظ کی تعلیم دیتا ہے اور یہی اصول سوشل میڈیا کے استعمال پر بھی لاگو ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کو وقت کے ضیاع، کردار کشی اور بے مقصد بحث مباحثے کی بجائے علم، تحقیق، کردار سازی اور مثبت مکالمے کیلئے استعمال کریں۔ انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل اخلاقیات کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر شائستگی، برداشت اور احترام کو فروغ دینا ہی ایک مہذب اور پر امن معاشرے کی بنیاد ہے، اختلاف رائے کو شائستہ انداز میں پیش کرنا اور نفرت انگیز رویوں سے اجتناب کرنا ہر فر دکی اخلاقی ذمہ داری ہے۔









آپ کا تبصرہ