۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
منہاج القرآن ویمن لیگ کی نئی تنظیم کی تقریب حلف برداری

حوزہ/ تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ خواتین کو ترقی کے دھارے سے الگ کر کے ترقی کا کوئی بھی ہدف حاصل نہیں کیا جا سکتا، خواتین کی تربیت اور اعلیٰ تعلیمی سہولیات کی فراہمی تحریک منہاج القرآن کا طرہ امتیاز رہا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، منہاج القرآن ویمن لیگ کی نئی تنظیم کی تقریب حلف برداری منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوئی۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تقریب سے خصوصی خطاب کیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی 27 عہدیداروں نے مرکزی و صوبائی ذمہ داریوں کا حلف اٹھایا۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد، ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، فرح ناز، ام حبیبہ اسماعیل نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا اور انہیں ایک عظیم مقصد کے حصول کیلئے جمع ہونے پر مبارکباد دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 4 دہائیوں سے تحریک منہاج القرآن مصطفوی تعلیمات کی روشنی میں ویمن امپاورمنٹ کیلئے کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی معاشرہ کو پُرامن اور تہذیب یافتہ بنانے کیلئے خواتین کو تعلیم دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ترقی کے دھارے سے الگ کر کے ترقی کا کوئی بھی ہدف حاصل نہیں کیا جا سکتا، خواتین کی تربیت اور اعلیٰ تعلیمی سہولیات کی فراہمی تحریک منہاج القرآن کا طرہ امتیاز رہا ہے۔ نومنتخب عہدیداروں کو ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خاں، فرح ناز و دیگر راہنماؤں نے مبارک باد دی۔ تقریب میں جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، نجم الثاقب، محمد فاروق رانا، راجہ زاہد محمود، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، شہزاد رسول، عرفان یوسف، قاضی فیض الاسلام و دیگر رہنماءوں نے شرکت کی۔

فرح ناز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے خواتین کی تعلیم و تربیت کیلئے مثالی اقدامات کیے، منہاج القرآن آج کے دور میں اسلام کی حقیقی تعلیمات کا احیاء کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے خواتین کو دینی، سماجی کردار کی ادائیگی کیلئے منہاج القرآن کا باوقار پلیٹ فارم مہیا کیا، منہاج القرآن ویمن لیگ نے خواتین کی سماجی، معاشی بہبود اور ان کیخلاف استحصالی رویوں کے انسداد کیلئے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .