جمعہ 6 جون 2025 - 15:10
حج مساوات انسانی کا عظیم مظہر ہے، علامہ ڈاکٹر طاہر القادری

حوزہ/ بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن کا کہنا تھا کہ حج کی ادائیگی ایک بہت بڑی سعادت ہے، حج کی سعادت حاصل کرنیوالا گناہوں سے ایک معصوم بچے کی طرح پاک صاف ہو جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ اخلاص کیساتھ فریضہ حج ادا کرنیوالے کی ہر دعا قبول کرتا ہے، حجاج کرام ملت اسلامیہ کے اتحاد و یکجہتی اور امن و خوشحالی کیلئے دعا کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فریضہ حج کی ادائیگی کی سعادت حاصل کرنیوالے لاکھوں حجاج کرام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حج ایک ایسا روحانی سفر ہے جو انسان کو اس کے خالق سے جوڑ دیتا ہے، حج صرف جسمانی مشقت کا نام نہیں بلکہ دل و دماغ کی پاکیزگی، نیت کی درستگی اور عاجزی کا مظہر ہے۔ دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان ایک ہی لباس میں’’ لبیک‘‘ کی صدائوں کیساتھ سجدہ ریز ہوتے ہیں۔ حج اسلامی اخوت اور بھائی چارے کے فروغ کا ذریعہ ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ آج ہمیں حج کے پیغام کو سمجھنے اور اپنی زندگی میں اپنانے کی اشد ضرورت ہے، فرقہ واریت، تعصب، نفرت اور تفریق کے تمام بتوں کو گرانا ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ حج کی ادائیگی ایک بہت بڑی سعادت ہے، حج کی سعادت حاصل کرنیوالا گناہوں سے ایک معصوم بچے کی طرح پاک صاف ہو جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ اخلاص کیساتھ فریضہ حج ادا کرنیوالے کی ہر دعا قبول کرتا ہے، حجاج کرام ملت اسلامیہ کے اتحاد و یکجہتی اور امن و خوشحالی کیلئے دعا کریں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ حج اسلام کی بنیادی تعلیمات میں سے ایک ایسا رکن ہے جو اجتماعیت اور اتحاد و یگانگت کا آئینہ دار ہے۔ حج مساوات انسانی کا عظیم مظہر ہے۔ مناسک حج کی ادائیگی کرتے ہوئے کوئی گورا، کالا، امیر، غریب، چھوٹا، بڑا نہیں ہوتا، سب اللہ کے حضور عجز و انکساری کے ساتھ سربسجود ہوتے اور رحمت کے طلبگار بنتے ہیں۔ یہی فکر سوچ اور رویہ عملی زندگی کے ہر گوشے میں نظر آنا چاہئے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha