حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے رہنماء علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ پاکستانی میڈیا کا بغیر کسی تحقیق کے مغربی میڈیا کے منفی بیانیے کی پیروی کرنا قابل افسوس اور صحافتی اقدار کے متضاد ہے۔ بعض عناصر نے غیر ذمہ دارانہ طور پر خبریں نشر کیں۔ صحافیوں کو افواہوں کو خبر بنانے سے گریز کرنا چاہئے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے مختلف چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر انقلاب اسلامی کے سربراہ آیت اللہ خامنہ ای سے متعلق جھوٹی افواہوں کی اشاعت اور نشر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اچھا مقام رکھنے والے اداروں کی جانب سے افواہیں پھیلانا قابل افسوس اور شرمناک ہے۔ پاکستانی میڈیا میں پروفیشنل صحافیوں کی موجودگی میں ایسا رویہ قابل تعجب ہے۔
انکا کہنا تھا کہ مغربی میڈیا ایک خاص ایجنڈے کے تحت کام کر رہی ہے۔ انکا مقصد امریکہ، برطانیہ، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کے مفادات کا دفاع کرنا ہے، تاہم یہ بات قابل حیرت ہے کہ ہماری میڈیا اور پروفیشنل صحافی اس ایجنڈے کو سمجھے بغیر مغربی میڈیا کی پیروی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای اس وقت فلسطین کے دفاع میں صف اول میں کھڑے ہیں اور اسرائیل کو براہ راست آنکھ دکھا کر مغرب کا مقابلہ کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں مغربی میڈیا کبھی بھی انہیں ایک اچھی شخصیت کے طور پر پیش کرنے کی جرات نہیں کر سکتی ہے، مگر پاکستانی میڈیا کو کیا ضرورت ہے کہ اپنے آپ کو شاہ سے زیادہ شاہ کا وفادار ثابت کرے۔ آیت اللہ خامنہ ای سے متعلق اس قسم کی جھوٹی افواہوں نے پوری امت کا دل دکھایا ہے۔ تاہم ہم توقع کرتے ہیں کہ مستقبل میں پاکستان کے صحافی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس قسم کی افواہیں پھیلانے سے گریز کریں گے۔









آپ کا تبصرہ