حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عالمی یومِ صحافت کے موقع پر شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبۂ سندھ کے دفتر سے جاری بیان میں سیکریٹری اطلاعات محترم علی نقوی نے کہا کہ اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر حقائق کو منظرِ عام پر لانے والے تمام صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزادی صحافت کیلئے صحافیوں کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، بلکہ صحافی برادری کی اس سلسلے میں قربانیاں بے مثال ہیں۔
شیعہ علماء کونسل کے رہنما نے کہا کہ صحافت ایک اہم زمہ داری ہے جو بنیادی انسانی حقوق کے ساتھ جڑی ہے، آزادی اظہار رائے کا فروغ اور دنیا بھر میں صحافیوں کی دبائی جانے والی آواز کے بارے میں آگہی فراہم کرنا ضروری ہے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان سندھ کے صوبائی جنرل سیکریٹری نے مزید کہا کہ آزادی صحافت کا مطلب یہ قطعی نہیں ہے کہ صحافت کے ذریعے ملک میں بدامنی پھیلائی جائے اور حکمرانوں یا کسی خاص پارٹی کے مخصوص ایجنڈے کو پورا کرنے اور مخالفین کو زیر کرنے کے لئے منصوبہ بندی کے ساتھ کی جانے والی کسی بھی منفی مہم کو تقویت فراہم کی جائے۔ حقائق کے برعکس خبریں اشاعت کرنا یا کردار کشی صحافت کے اعلیٰ اقدار کو پامال کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین وغیرہ میں کام کرنے والے صحافیوں کے حوالے سے سخت اقدامات کی ضرورت ہے، مقبوضہ فلسطین اور دیگر مقبوضہ علاقوں میں صحافی بدترین حالات میں اپنی پییشہ وارانہ زمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، غاصب صہیونی ریاست اور دیگر کٹھپتلی حکومتوں کے خلاف پوری صحافی برادری سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کو صدائے احتجاج بلند کرنا چاہیئے۔
علی نقوی نے مزید کہا کہ وطن عزیز میں سالوں سے دیگر شعبہ ہائے زندگی کی طرح معاشرے کی آنکھ اور کان سمجھے جانیوالے صحافیوں کو بھی نظر انداز کیا جاتا رہا ہے اور وقت کے ساتھ ان کے قانونی و معاشرتی مسائل کے حل کےلئے کسی قسم کے موثر اقدامات نہیں اٹھائے گئے، اس حوالے سے صحافتی تنظیموں کے ساتھ حکومت وقت کی ذمہ داری ہے کہ وہ صحافیوں خصوصاً رپورٹرز، میڈیا ورکرز اور صحافتی آرگنائزیشن میں امور انجام دینے والے صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔