حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یہ مقابلہ، پروگرم آرگنائزر محترمہ سیّدہ نصرت نقوی کی زیرِ نگرانی امام بارگاہِ خیرالعمل انچولی کراچی پاکستان میں 29 اپریل بروز ہفتہ دوپہر 2 بجے منعقد کیا گیا۔ مقابلے میں شہر بھر سے خواتین اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق، اس مقابلے میں 3 سے 11 سال کے بچوں نے آرٹ جبکہ 10 سے 50 سال تک کی خواتین اور بچوں نے تقریری مقابلے میں شرکت کی۔
منصف کے فرائض خود محترمہ سیّدہ نصرت نقوی نے انجام دیئے۔ بچوں میں سیکنہ زہرا، نسبت زہرا، محمد موسی، فدک زہرا، مشہد کاظمی، آل حیدر، الشباء فاطمہ اور خواتین میں مہرین علی، شگفتہ علی اور فردوس زہرا نمایاں کارکردگی کے ساتھ کامیاب مقررین میں قرار پائے۔
آرٹ مقابلے میں ایمان زہرا، عالیہ زہرا، زینب، کمیل، موسی اطہر اور سکینہ حسین نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔
واضح رہے کہ آرٹ مقابلے میں جنت البقیع کی تصاویر بنوائی گئیں جبکہ تقریری مقابلے میں جنت البقیع اور بیت المقدس سے متعلق اہم عنوانات پر مقررین نے اظہارِ خیال کیا۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ پروگرامز عزا خانۂ قتیل العبرات کراچی کی جانب سے، اہم مواقع پر مفت رجسٹریش کے تحت منعقد کئے جاتے ہیں، جس میں شہر بھر سے بچوں اور خواتین کی کثیر تعداد شرکت کرتی ہے۔ ان پروگراموں کا مقصد دورِ جدید کی نئی نسل میں یہ شعور اجاگر کرنا ہے کہ دشمن طاقتیں اپنی طاقت کے بل پر ہمارے عقیدے اور ہمارے مقدّس مقامات کو کس طرح مسمار کرتی رہی ہیں اور آج بھی کر رہی ہیں لیکن ہماری قوم کا ہر فرد سر پر کفن باندھے ناصرِ امامِ مہدی بن کر دشمن عناصر کو نیست و نابود کرنے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔