حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے نابلس میں پناہ گزین کیمپ کے قریب دو فلسطینی نوجوانوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
ہفتے کے روز بھی غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملے جاری رہے جب کہ نابلس میں بھی صہیونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے گھروں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو نوجوان شہید ہوگئے۔
فلسطینی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی فوجیوں نے پہلے پناہ گزین کیمپ کے داخلی راستے بند کیے، پھر فائرنگ کی اور آنسو گیس کے گولے داغے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق صہیونی فوجیوں نے 19 سالہ عدنان وسیم یوسف العرج اور 32 سالہ سائد جهاد شاکر مشہ کو براہ راست گولیاں ماریں، فائرنگ سے کئی دیگر فلسطینی زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کی گردن اور پیٹ میں گولیاں لگیں۔ادھر اسرائیلی جنگی طیاروں نے ہفتہ کو مسلسل پانچویں روز بھی غزہ پر فضائی حملے کیے۔