حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سید حسن نصر اللہ کا کہنا ہے کہ امریکہ، سلامتی کونسل میں صہیونیوں کے مظالم کی مذمت میں قرارداد پاس کرنے کی اجازت نہیں دے رہا ہے۔
حزب اللہ کے سکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ اس بار مزاحمت کاروں کے درمیان تفرقہ کے بیج بونے کی صہیونی سازش ناکام ہوگئی۔
سید حسن نصر اللہ نے جمعہ کے روز غزہ کی پٹی میں شہید ہونے والے کمانڈروں کی شہادت کا حوالہ دیتے ہوئےکہا کہ اگرچہ نیتن یاہو نے فلسطینیوں کے خلاف یہ نئی جارحیت شروع کی ہے، لیکن اس بار ان کی مزاحمت کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کی کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔
حزب اللہ کے جنرل سیکرٹری نے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر دنیا کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیا، انہوں نے کہا کہ امریکہ اسرائیل کی جارحیت کی سلامتی کونسل میں مذمت نہیں ہونے دے رہا ہے، سید حسن کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو نے حالیہ حملے اپنے آپ کو اندرونی بحران سے بچانے کے لیے کیے، لیکن فلسطینی مزاحمت کے درمیان اختلاف کے بیج بونے کے ان کے تمام منصوبے ناکام ہو گئے۔
حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہم غزہ میں مزاحمتی کمانڈروں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ مزاحمت کاروں کی شہادت سے مزاحمت کمزور نہیں ہوئی بلکہ شہداء کے خون نے اسے مزید مضبوط کت دیا ہے، غزہ میں مزاحمت نے دشمن کو اپنے مقاصد تک پہنچنے سے روک دیا۔