حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت اور 30 سے زائد فلسطینیوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ظلم و جبر پر قابض ناجائز ریاست کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے اب کیا جواز گھڑیں گے؟ اس بیہمانہ تشدد، حملوں اور انسانی حقوق کی قبیح ترین خلاف ورزیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، مسلسل بڑھتے ظلم و جبر، تشدد، حملوں سے بڑھ کر اور انسانی حقوق، بین الاقوامی چارٹرز کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی دنیا ہوش کے ناخن لیں اور اپنی ذمہ داریاں ادا کرے اور او آئی سی بھی بھر پور اقدامات کرے۔
واضح رہے کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے حالیہ فلسطین کی صورتحال، غزہ پر مسلسل اسرائیلی حملوں اور اس کے نتیجے میں بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت دیگر فلسطینیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کیا ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ سامراجی قوتوں کی پشت پناہی سے اسرائیلی ظلم و جبر حد سے بڑھ چکا ہے اور اس ظلم و زیادتی کو کسی طور پر نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔