حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے صحافت کے عالمی دن کے موقع پر میڈیا سیل کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشروں میں میڈیا کی آزادی کو مسلمہ حیثیت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے، اظہار رائے کی آزادی کا آئینی حق ہر ایک کو حاصل ہے مگر ہمارے صحافیوں کو مختلف طریقوں سے دبایا جا رہا ہے، دنیا میں صحافتی آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کی گزشتہ سال کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میڈیا کی آزادی کے اعتبار سے 180 میں سے 159 ویں نمبر تھا جو کہ تشویش ناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صحافتی ذمہ داریاں ادا کرنے کے دوران دہشت گردی کی بھینٹ چڑھنے والے میڈیا پرسنز کو اس موقع پر سلام پیش کرتے ہیں، حکومت کو چاہیئے کہ وہ میڈیا ورکرز کو ذمہ داریوں کی بے خطر ادائیگی کے لئے سازگار اور محفوظ ماحول فراہم کرے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف اداروں میں صحافی تنخواہوں کی طویل عدم ادائیگی اور ملازمتوں کے عدم تحفظ سمیت مختلف مشکلات کا شکار ہیں، ان کی معاشی مشکلات کا ازالہ ہونا چاہیئے، اس سلسلے میں حکومتی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے تمام صحافتی تنظیموں کو بھی مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی۔