حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شاہین باغ نئی دہلی میں واقع اہلبیت پبلک اسکول میں شاندار سالانہ تقریب کے ساتھ دسویں سالہ تعلیمی و ہنری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کا اردو اور انگریزی ترجمہ بھی طلبہ نے پیش کیا۔ اس روح پرور آغاز نے حاضرین کے دلوں کو علم و معرفت کی جانب مائل کیا اور عملی زندگی میں علم کی اہمیت کا پیغام دیا۔ اس تقریب میں نرسری سے لے کر دسویں جماعت تک کے طلبہ نے بھرپور حصہ لیا، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں کو انعامات اور المپیاڈ میں اول درجہ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو گولڈ مڈیل سے نوازا گیا۔

تقریب کی صدارت مولانا سید قاضی عسکری نے کی جبکہ اسکول کی پرنسپل سمانہ عسکری اور اساتذہ کی محنت و کاوشوں نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

دوسری جماعت کے طلبہ نے استاد اور شاگرد کے حقوق و آداب کو نہایت خوبصورت انداز میں پیش کرتے ہوئے اساتذہ کے احترام کی اہمیت اجاگر کی۔ تیسری جماعت کی طالبات نے بلوغت کے بعد لڑکیوں کی ذمہ داریوں اور شریعت کے مطابق زندگی گزارنے کے پہلوؤں کو عملی نمائش کے ذریعے واضح کیا۔

طلبہ نے “سلام یا مہدیؑ” کے فلک شگاف نعروں سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا اور دینی وابستگی کا پیغام دیا۔ علاوہ ازیں بچوں نے اپنے ہاتھوں سے تیار کردہ مختلف فن پاروں کی نمائش بھی پیش کی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔

تقریب کے اختتام پر اسکول کے چیئرمین مولانا سید قاضی عسکری نے اپنے خطاب میں حصولِ علم کے تقاضوں اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کو نماز کے وقت اختتام پذیر کر کے نماز کی اہمیت کو عملی طور پر اجاگر کیا گیا اور یہ پیغام دیا گیا کہ کوئی بھی مصروفیت نماز سے زیادہ اہم نہیں۔

اس تقریب میں اساتذہ، طلبہ، والدین اور دیگر معزز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا تعاون پیش کیا۔









آپ کا تبصرہ