ہفتہ 13 ستمبر 2025 - 18:30
مظفرنگر: الولایہ اسکول میں بچوں کو انعامات اور پینٹنگز کے ذریعے اتحادِ امت کا عملی مظاہرہ

حوزہ/ الولایہ اسکول مظفرنگر میں جشن میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم و امام جعفر صادقؑ کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں شیعہ و سنی علما اور طلبہ نے بھرپور شرکت کر کے اتحادِ امت کا عملی پیغام دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، الولایہ اسکول گڑھی مجھیڑہ ضلع مظفرنگر (یوپی، ہند) میں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم اور حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر ایک شاندار اور پر وقار پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

یہ تقریب "ہفتۂ وحدت" کے سلسلے کی ایک اہم کڑی تھی، جس کا مقصد امت مسلمہ میں اتحاد و اخوت کے پیغام کو عام کرنا اور نئی نسل کے دلوں میں محبتِ رسول (ص) اور اہل بیتؑ کی معرفت کو اجاگر کرنا تھا۔ پروگرام میں مقامی اور اطراف کے علما و معززین کے علاوہ اسکول کے اساتذہ، طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ شیعہ و سنی علمائے کرام کی مشترکہ موجودگی نے تقریب کو مزید بامعنی اور یادگار بنا دیا۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا، جو قاری محمد رضوان (امام جماعت مسجد عیدگاہ محلہ مشترک) نے نہایت خوش الحانی سے کی۔ ان کی تلاوت نے محفل کو نورانی اور روحانی ماحول بخشا۔ اس کے بعد نعت خوانی، شعرخوانی اور مختلف خطابات کا سلسلہ جاری رہا۔

اسکول کے بچوں نے نبی کریم (ص) اور اہل بیتؑ کی مدح میں اشعار پیش کیے۔ بچوں کی معصوم آوازوں نے سامعین کو مسحور کر دیا اور محفل کا سماں بندھ گیا۔ اس منظر نے ہفتۂ وحدت کے رنگ کو مزید نمایاں کر دیا۔

تقریب میں قاری حبیب الرحمان (امام جمعہ و جماعت مسجد نور فاطمہ)، قاری محمد ریحان (امام جماعت مسجد مدرسہ حسینیہ)، قاری محمد رضوان (امام جماعت مسجد عیدگاہ محلہ مشترک)، سید رئیس محمد زیدی (پرنسپل الولایہ اسکول) اور شیخ حسن جعفر ترابی (مدیر الولایہ اسکول) نے خطابات کیے۔ مقررین نے سیرت رسول اکرم (ص) اور امام جعفر صادق علیہ السلام کی حیاتِ مبارکہ پر روشنی ڈالی اور اتحادِ امت، تعلیماتِ اہل بیتؑ اور خصوصاً نوجوان نسل کی دینی رہنمائی پر زور دیا۔

مدیرِ اسکول شیخ حسن جعفر ترابی نے نہایت جامع انداز میں رسول اکرم (ص) اور امام جعفر صادق علیہ السلام کا تعارف اور حالاتِ زندگی بیان کیے۔ دورانِ خطاب انہوں نے بچوں سے سوالات کیے، جن کے درست جوابات دینے والے طلبہ و طالبات کو فوری انعامات دیے گئے۔ اس سے طلبہ میں خوشی اور حوصلہ افزائی کی فضا قائم ہوئی۔

پروگرام کی ایک نمایاں جھلک طلبہ کی تیار کردہ ۷۶ پینٹنگز تھیں جو "ہفتۂ وحدت" کے عنوان پر پیش کی گئیں۔ ان میں اتحادِ امت، محبتِ رسول (ص) اور اسلامی اقدار کو نہایت خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا۔ ایک خصوصی کمیٹی نے ۱۰ بہترین پینٹنگز کا انتخاب کیا اور ان کے خالق طلبہ کو نمایاں انعامات دیے گئے۔

تقریب کے اختتام پر طلبہ و شرکاء میں مٹھائی تقسیم کی گئی جبکہ انتظامیہ کی جانب سے تمام اسٹاف کو عیدی بھی پیش کی گئی، جو ان کی محنت و تعاون کے اعتراف کے طور پر ایک خوش آئند قدم تھا۔

یہ پروگرام صرف ایک تعلیمی سرگرمی نہیں بلکہ ایک روحانی، ادبی اور تربیتی اجتماع ثابت ہوا جس نے بچوں اور شرکاء کے دلوں میں اتحاد، محبتِ رسول (ص) اور سیرتِ نبوی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

قابل ذکر ہے کہ یہ تقریب صادقین فاؤنڈیشن مظفرنگر (یوپی) کے تعاون سے منعقد کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha