حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شاہین باغ دہلی میں واقع اہلبیت پبلک اسکول میں 17 ربیع الاول بروز بدھ یومِ اساتذہ کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں اساتذہ اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔جسکی قیادت محترمہ سمانہ عسکری نے کی۔
تقریب کا آغاز غلام محمد سلمہ کی پُرکیف تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد عمران علی سلمہ نے قرآن کریم کی فضیلت پر اشعار پیش کیے۔ اس موقع پر بچوں نے بھی محنت اور لگن کے ساتھ مختلف پروگرام پیش کیے اور محفل کو کامیاب بنایا۔
اسکول کے چیئرمین حجۃ الاسلام و المسلمین سید محمد قاضی عسکری نے اپنے خطاب میں اساتذہ کے احترام اور طلبہ و اساتذہ کے تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ استاد کو نہ صرف طلبہ کا احترام کرنا چاہیے بلکہ اپنی علمی اور اخلاقی حیثیت کو بھی طلبہ کے سامنے اجاگر کرنا چاہیے۔
انہوں نے امام جعفر صادق (ع) کی علمی مرجعیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امام (ع) اس مقام پر فائز تھے کہ نہ صرف اہل سنت بلکہ دیگر مکاتبِ فکر کے لوگ بھی آپ کی علمی عظمت کے قائل تھے۔
مولانا نے مزید کہا کہ وہی علم حقیقی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے جو اللہ کے نام کے ساتھ حاصل کیا جائے، بصورت دیگر ایسا علم بظاہر انسان کے لیے مفید نظر آتا ہے لیکن دوسروں کے لیے نقصان دہ بھی ہو سکتا ہے۔
اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے مولانا نے ان کی خدمت میں تحائف پیش کیے جبکہ بچوں نے بھی اپنے اساتذہ کو تحائف دے کر مبارکباد دی۔
پروگرام میں اسکول کے تمام اساتذہ، جن میں استاد عمران علی اور استاد سید مصطفیٰ حسین سمیت دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔ تقریب کا اختتام دعا پر ہوا جس میں چہاردہ معصومینؑ کے صدقے علم اور عمل کی دولت نصیب ہونے کی دعا کی گئی۔









آپ کا تبصرہ