حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روس کے دارالحکومت Moscow (ماسکو) میں 18 فروری سے 19 مارچ تک اکیسویں ’’خیمۂ رمضان‘‘ منعقد ہوگا۔ اس پروگرام کا انتظام ادارہ دینی مسلمانان مسکو کر رہا ہے۔ سال 2026 کو روس میں ’’اقوام کے اتحاد کا سال‘‘ قرار دیا گیا ہے، اسی مناسبت سے یہ پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ اس پروگرام میں قطر، سعودی عرب، افغانستان اور دیگر ممالک سمیت تقریباً دس ملکوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ مختلف مذاہب کے رہنما، سرکاری افسران، اساتذہ، فنکار اور دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہوں گی۔ اندازہ ہے کہ پچاس ہزار سے زیادہ لوگ اس خیمے میں آئیں گے۔
اس پروگرام کا اصل مقصد رمضان المبارک میں روزہ داروں کے لیے مفت افطار کا انتظام کرنا ہے۔ خیمے کے اندر روزانہ افطار دیا جائے گا اور باہر بھی ایک ہزار سے زیادہ افطار پیکٹ تقسیم کیے جائیں گے۔ پوری رمضان میں تقریباً اسی ہزار روزہ داروں کو کھانا فراہم کرنے کی تیاری کی گئی ہے۔
افطار سے پہلے دینی اور ثقافتی پروگرام بھی ہوں گے، جن میں قرآن مجید کے مقابلے، تقاریر اور مختلف قوموں کی تاریخ کا تعارف شامل ہے۔ سردی کے پیش نظر خیمے میں ہیٹر لگائے گئے ہیں اور سیکیورٹی کا بھی مناسب انتظام کیا گیا ہے۔
یہ پروگرام 21 اور 22 مارچ کو عیدالفطر کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ اس کی نگرانی مفتی ماسکو ایلدار علاءالدینوف کر رہے ہیں، جبکہ پانچ سو سے زائد رضاکار اس میں حصہ لے رہے ہیں۔









آپ کا تبصرہ