جمعرات 12 مارچ 2026 - 13:29
ایتھنز میں آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت اور ایران پر حملوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

حوزہ/ یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت اور ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے خلاف ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس مظاہرے میں یونان میں مقیم مختلف کمیونٹیز کے افراد کے علاوہ بائیں بازو کی سیاسی تنظیموں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے شدید احتجاج کا اظہار کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایتھن/ یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت اور ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے خلاف ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس مظاہرے میں یونان میں مقیم مختلف کمیونٹیز کے افراد کے علاوہ بائیں بازو کی سیاسی تنظیموں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے شدید احتجاج کا اظہار کیا۔

شرکاء نے کہا کہ ظلم کے خلاف اور حق کے دفاع کے لیے اس مظاہرے میں شرکت کرنے والے تمام افراد قابلِ تحسین ہیں جنہوں نے اپنی موجودگی کے ذریعے انصاف کی آواز کو مضبوط کیا۔

شرکاء نے کہا کہ آج ہم سب ایک عظیم شخصیت، رہبرِ مسلمانانِ جہاں اور شہیدِ راہِ خدا آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کے ساتھ جمع ہوئے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے عالمِ اسلام اور دنیا بھر کے انصاف پسند انسانوں کی خدمت میں تعزیت پیش کی۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ مسلم کمیونٹی گریس کے نمائندہ سید اشیر حیدر نے احتجاج میں شریک تمام تنظیموں اور افراد کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای نے اپنی پوری زندگی مساوات، انسانی حقوق، اتحاد اور ظلم کے خلاف مقاومت کی جدوجہد میں گزاری۔ وہ نہ صرف اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر تھے بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک روحانی رہنما اور استقامت کی علامت تھے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای پر ہونے والے حملے نے پوری مسلم اُمہ کو سراپا احتجاج بنا دیا ہے اور دنیا بھر میں انصاف پسند لوگ اس ظلم کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ عالمی استعمار اور صیہونی طاقتیں اگر یہ سمجھتی ہیں کہ انقلاب اسلامی کے رہنما کو قتل کر کے مقاومت کی آواز کو دبایا جا سکتا ہے تو یہ ان کی بہت بڑی غلط فہمی ہے جبکہ شہادت مسلمانوں کی میراث ہے اور امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات ہمیں یہ درس دیتی ہیں کہ باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جانا چاہیے، چاہے اس کے لیے جان ہی کیوں نہ قربان کرنی پڑے۔

یونانی جماعتوں کے نمائندگان نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر بلاجواز حملے کو ایک سنگین جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے لیے انہیں دنیا کی انصاف پسند اقوام کے سامنے جوابدہ ہونا پڑے گا۔

مقررین نے اس موقع پر امریکی انتظامیہ اور اسرائیلی حکومت کی جانب سے ایران میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایرانی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

مظاہرے کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حق، انصاف اور مظلوموں کی حمایت کی آواز کو ہر حال میں بلند رکھا جائے گا اور ظلم و ناانصافی کے خلاف جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha