اتوار 15 نومبر 2026 - 15:54
یمن کے حوثی باغی کیوں؟ ایک تاریخی اور سیاسی تجزیہ

حوزہ/یمن کے باغی حوثی! یہ جملہ آپ نے سوشل میڈیا، پرنٹ میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا پر بارہا سنا اور پڑھا ہوگا۔ کیا آپ نے خود بھی کبھی غور کیا ہے کہ یمن کے حوثی کیوں اور کیسے باغی ہیں؟

تحریر: محمد بشیر دولتی

حوزہ نیوز ایجنسی| اگر آپ پڑھے لکھے، باشعور، حق گو، انسان دوست اور آزاد فکر شخصیت کے حامل ہیں تو آئیے، اس موضوع پر ضرور غور کریں اور پھر فیصلہ کریں۔ جن لوگوں کی وابستگیاں اور ترجیحات منصفانہ اور آزادانہ نہ ہوں، ان سے نظریہ اور فکر لینے سے اجتناب کریں۔ خود تحقیق، جستجو اور حقائق بیان کرنے کی عادت ڈالیں۔

یمن کے حوثیوں اور انصاراللہ کے حوالے سے منصفانہ اور عادلانہ سوچ پیدا کرنے کے لیے یمن اور حوثیوں کی تاریخ کا مطالعہ ضرور کریں۔

ملک یمن ایک انتہائی تاریخی اور قدیم ملک ہے۔ تاریخی اعتبار سے یمن، سعودی عرب کے مقابلے میں بھی ایک قدیم تہذیب و تمدن کا حامل ملک ہے۔

یمن اور اس کی تہذیب و تمدن کا ذکر اسلام سے پہلے بھی ملتا ہے۔ یمن کے سدِ مآرب (مآرب ڈیم) کا ذکر قرآن مجید کی سورۂ سبا آیت سولہ میں موجود ہے۔ یہ ڈیم چوتھی صدی عیسوی میں ٹوٹا، جس کے نتیجے میں بہت سے یمنی عرب کے صحراؤں اور میدانوں میں جا بسے۔

حضرت بلقیس کی قومِ سبا کا تعلق بھی یمن کی سرزمین سے تھا، جس کا ذکر قرآن مجید میں بارہا آیا ہے۔

یمن کسی لشکر کشی کے نتیجے میں مسلمان نہیں ہوا

آغازِ اسلام میں رسولِ خدا صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہاں کئی مبلغین بھیجے۔ رسولِ خدا نے حضرت علی علیہ السلام کو بھی یہاں مبلغ بنا کر بھیجا۔ حضرت علی علیہ السلام نے رسولِ خدا کا پیغامِ اسلام یمنی باشندوں تک پہنچایا۔

آپ علیہ السلام نے یمن کے مشہور و معروف قبیلے ہمدان کے سامنے رسولِ خدا کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ قبیلہ ہمدان کے افراد رسولِ خدا کے نورانی پیغام اور امام علی علیہ السلام کے اخلاق و کردار سے متاثر ہو کر مسلمان ہوگئے۔

حضرت علی علیہ السلام سے پہلے جناب خالد بن ولید کو بھی یہاں بھیجا گیا تھا، مگر وہ ناکام و نامراد واپس آئے۔

امام علی علیہ السلام کی کامیابی کے بعد یہاں اویس قرنی جیسا عاشقِ رسول اور امام علی علیہ السلام سے محبت کرنے والا شخص پیدا ہوا۔

زیدی شیعہ ریاست

یمن میں زیدی شیعہ ریاست کی بنیاد 280 ہجری میں پڑی، جب شمالی یمن کے مقامی لوگوں نے جناب یحییٰ بن حسین، المعروف امام ہادی الی الحق، کو باقاعدہ دعوت دے کر بلایا۔

انہوں نے یہاں کے قبائلی علاقوں میں مختلف دینی مراکز اور عدالتی نظام قائم کیے، جس کی وجہ سے زیدی شیعہ ریاست کی بنیاد پڑی۔

عالمی استعمار و استکبار اور نجدیوں کی ملی بھگت اور بغاوتوں کے نتیجے میں جب سلطنتِ عثمانیہ پاش پاش ہوئی تو 1920ء سے 1930ء کے درمیان نجد و حجاز میں آلِ سعود کو اقتدار ملا۔ اس کے بعد آلِ سعود نے یمن پر حملے شروع کیے۔

ان حملوں کے نتیجے میں یمن کے تین صوبے، عسیر، نجران اور جیزان، سعودیوں کے قبضے میں چلے گئے۔ سعودی فوجی یمن کے ساحلی شہر حدیدہ تک پہنچ گئے تھے۔

1934ء میں یمن اور سعودی عرب کے درمیان تیس سالہ صلح کا معاہدہ ہوا، جو معاہدۂ طائف کے نام سے مشہور ہے۔

یہ معاہدہ سعودی بادشاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن آلِ سعود اور زیدی امام یحییٰ کے درمیان ہوا۔

اس معاہدے کے نتیجے میں سعودی فوج حدیدہ سے واپس پلٹ گئی، مگر شاہ عبدالعزیز نے عسیر، جیزان اور نجران کے صوبوں کو سعودی عرب کا حصہ قرار دیا۔

1962ء میں شمالی یمن میں موجود زیدیوں کی حکومت کا خاتمہ ہوا۔ یہ مصر کے انقلابی رہنما جمال عبدالناصر کا دور تھا۔

یمنی فوج کے بعض افسران نے زیدی امام محمد البدر کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے شمالی یمن میں عرب جمہوریہ کے قیام کا اعلان کیا۔

یمن کے زیدیوں نے اسے قبول نہ کیا، یوں یمن میں خانہ جنگی کی صورتِ حال پیدا ہوگئی۔ مصر نے یمن میں بھرپور مداخلت کرتے ہوئے ستر ہزار مصری فوجی بھیجے، جن میں سے تیس ہزار کے قریب فوجی مارے گئے۔

سعودی عرب اور زیدیوں کی دوستی

اس دوران سعودی عرب اور اردن نے کھل کر زیدیوں کی مدد کی اور انہیں اس وقت کے جدید اسلحے اور دیگر ضروریات سے خوب نوازا، کیونکہ سعودی عرب کو اپنے پڑوس میں مصری انقلاب سے متاثر ایک انقلابی حکومت قبول نہیں تھی۔ اس وجہ سے سعودیوں نے زیدیوں کا بھرپور ساتھ دیا۔

خرطوم کانفرنس

1967ء میں سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں عرب سربراہی کانفرنس منعقد ہوئی۔

اس کانفرنس میں مصری صدر جمال عبدالناصر اور سعودی شاہ فیصل کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت مصر نے یمن سے اپنی فوج نکالی اور سعودی عرب نے یمن میں مداخلت ختم کرنے کا اعلان کیا۔

عرب بہار

2011ء کی عرب بہار کے دوران یمن میں صدر علی عبداللہ صالح کی حکومت تھی۔

عبداللہ صالح کی سعودی نواز اور امریکہ نواز پالیسیوں کے باعث یمنی عوام ان سے متنفر تھے۔ وہ گزشتہ کئی سالوں سے یمن کے اقتدار پر قابض تھے۔

2012ء میں منصور ہادی عبوری صدر بنے۔ صدر بننے کے بعد انہوں نے انتخابات کے ذریعے فوری طور پر عوامی اور جمہوری حکومت قائم کرنے کا اعلان کیا۔

سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک کی مداخلت اور امریکی مفادات کے تحفظ کے باعث انتخابات منعقد نہ ہوسکے۔ وکی لیکس کے مطابق سعودی عرب نے یمن کے توانائی کے ذخائر سے متعلق امریکہ کے ساتھ ایک خفیہ معاہدہ کیا تھا، جس کے مطابق آئندہ تیس سال تک یمن تیل اور گیس نہیں نکال سکے گا۔

واضح رہے کہ یمن تیل اور گیس کی دولت سے مالا مال ملک ہے۔ یہ دنیا کے مجموعی تیل کے ذخائر کے ایک بڑے حصے کا مالک ہے۔ یہ اہم ترین آبی گزرگاہ باب المندب اور حدیدہ و عدن جیسی بندرگاہوں کا حامل ملک بھی ہے۔

دو یمن سے ایک یمن تک

موجودہ یمن تقریباً بائیس سال تک دو الگ ریاستوں، شمالی اور جنوبی یمن، میں منقسم رہا۔

امریکہ اور سعودی عرب کا لاڈلا، حوثی قبیلے سے تعلق رکھنے والا صدر علی عبداللہ صالح، یہاں تینتیس سال تک حکومت کرتا رہا۔

17 جولائی 1978ء سے 22 مئی 1990ء تک یہ شخص شمالی یمن کا صدر رہا۔ 22 مئی 1990ء سے 25 فروری 2012ء تک متحدہ جمہوری یمن کا صدر رہا۔

عرب بہار کے انقلاب کے بعد یہ اپنے گروہ کے ساتھ انصاراللہ میں شامل ہوا، لیکن 4 دسمبر 2017ء کو حوثیوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں مارا گیا۔

انصاراللہ اور حوثی

انتخابات نہ کرانے پر حوثیوں نے احتجاج کا سلسلہ شروع کیا اور تاریخی دھرنے دیے۔

امریکہ، سعودی عرب اور امارات نے حوثیوں کے خلاف یمن میں القاعدہ کی سرپرستی شروع کی۔ اس کے جواب میں حوثیوں نے دیگر قبائل کو اپنے ساتھ ملا کر انصاراللہ کے نام سے احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ تیز کردیا۔

حوثیوں کا بنیادی مطالبہ

حوثی متحدہ یمن میں شفاف انتخابات کے ذریعے اپنی آزاد اور خودمختار حکومت چاہتے ہیں۔ وہ امریکہ اور سعودی عرب سمیت کسی بھی بیرونی طاقت کی مداخلت نہیں چاہتے۔ باب المندب سمیت اپنی بندرگاہوں سے پڑوسیوں سمیت دنیا بھر کے ساتھ آزادانہ تجارت چاہتے ہیں۔ تیل اور گیس کے وسائل سے استفادہ کرتے ہوئے یمنی عوام کو سہولیاتِ زندگی فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

صنعا پر قبضہ

حوثیوں اور یمنی عوام کے جائز مطالبات قبول نہ کرنے اور انہیں عملی جامہ نہ پہنانے کی وجہ سے 2014ء میں انصاراللہ اور حوثیوں نے یمن کے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کرلیا، جس کے نتیجے میں منصور ہادی بھاگ کر سعودی عرب چلے گئے۔

سعودی اتحاد

2015ء میں سعودی عرب کی قیادت میں بیست کے قریب مسلم اتحادی ممالک نے حوثیوں اور انصاراللہ کے خلاف فوجی کارروائی شروع کی۔ مسلسل شدید فضائی حملوں کے نتیجے میں جنوبی یمن میں منصور ہادی کی حکومت قائم کی گئی۔

اس حکومت کو مستحکم کرنے کے لیے امارات اور سعودی عرب نے دنیا بھر سے افراد جمع کرکے بعض مقامی گروہوں کے ساتھ کرائے کے لشکر تشکیل دیے اور انہیں یمنی فوج کا نام دیا۔

امریکہ سمیت عالمی استعمار و استکبار اب حوثیوں اور انصاراللہ کو باغی، جبکہ بھاگ کر واپس آنے والوں کو عالمی طور پر قابلِ قبول حکومت قرار دیتے ہیں۔

حملہ: عاصفۃ الحزم

مارچ 2015ء میں سعودی اتحاد نے عاصفۃ الحزم، یعنی فیصلہ کن طوفان، کے نام سے شدید فضائی حملوں کا سلسلہ شروع کیا۔ ان شدید فضائی حملوں میں یمن کے عوامی مقامات اور بنیادی ڈھانچے، مثلاً ہوائی اڈوں، کالجوں، اسکولوں، مدارس، جیلوں اور اسپتالوں سمیت دیگر عوامی مراکز کو تباہ و برباد کیا گیا۔

ان حملوں میں اب تک تین لاکھ کے قریب یمنی شہید ہوچکے ہیں، جبکہ اتنی ہی تعداد میں لوگ زخمی یا ہمیشہ کے لیے معذور ہوچکے ہیں۔

فضائی اور زمینی محاصرے کے باعث یمنی عوام شدید غذائی قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔

عالمی اعداد و شمار کے مطابق، غزہ میں اسرائیل کے ہاتھوں شہید ہونے والوں کے مقابلے میں یمن میں سعودی عرب کے حملوں کے نتیجے میں تین گنا زیادہ افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ خواتین اور بچوں کی تعداد جاری کردہ اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔

سعودی عرب اور امارات میں اختلاف

استعمار نے پہلے یمن کو شمالی اور جنوبی حصوں میں تقسیم کیا۔

پہلی نگاہ میں سعودی عرب اور امارات اتحادی تھے اور ہیں، لیکن حقیقت میں ایسا نہیں۔ سوڈان میں قتلِ عام کے پیچھے انہی دونوں ممالک کے دھڑے شامل تھے۔ لیبیا میں بھی ان کی دھڑے بندی آشکار ہے۔ یمن میں بھی دونوں کی الگ الگ ترجیحات ہیں اور ان کی تکمیل کے لیے مختلف دھڑے موجود ہیں۔

امارات جنوبی یمن کو جدا کرکے اپنی مرضی کی حکومت کے ذریعے یمنی بندرگاہوں پر کنٹرول چاہتا ہے تاکہ اس کی اپنی بندرگاہیں محفوظ رہیں، جبکہ سعودی عرب یمن کو متحد مگر اپنے زیرِ تسلط رکھنا چاہتا ہے تاکہ وہاں کے گیس اور تیل پر امریکی کمپنیوں کے ذریعے تسلط قائم کرے اور ان کے قبضے میں موجود یمن کے تینوں صوبے ہمیشہ کے لیے ان کے پاس رہیں۔

اسی لیے دونوں نے جنوبی یمن میں الگ الگ دھڑے بنائے، پھر ان کے اتحاد پر مشتمل ایک زبردستی کی حکومت قائم کی ہوئی ہے، جسے امریکہ سمیت عالمی طاقتوں کی حمایت حاصل ہے۔

جنوبی یمن میں ان کے دھڑوں کے درمیان لڑائی اور جھڑپیں معمول کی بات ہیں۔ جنوبی یمن کے جن علاقوں پر ان کا قبضہ ہے، وہ آپس میں منقسم ہیں اور ایک دوسرے کے علاقے میں داخل نہیں ہوسکتے۔

طوفان الاقصیٰ اور حوثی

7 اکتوبر 2023ء کو حماس نے اسرائیل کے اندر گھس کر زبردست کارروائی کی۔ 7 اکتوبر 2023ء کو حماس کی جانب سے شروع کی گئی کارروائی، جسے طوفان الاقصیٰ کہا جاتا ہے، اسرائیل کے لیے ایک بڑا سیاسی، عسکری، اقتصادی اور سماجی دھچکا ثابت ہوئی۔

بارہ سو کے قریب افراد ہلاک اور چودہ سو کے قریب زخمی ہوئے، جبکہ اعلیٰ فوجی افسران سمیت ڈھائی سو کے قریب افراد کو گرفتار کرکے حماس غزہ لے گئی۔

ناقابلِ شکست سمجھے جانے والے اسرائیل کو سخت دھچکا لگا۔ رات میں نظر آنے والے جدید آلات بنانے میں معروف اسرائیل میں دن کے اجالے میں ایک چھوٹی تنظیم کے چند جگنوؤں نے اسرائیل کو دن میں تارے دکھا دیے۔

اس کے بعد ظالم نیتن یاہو نے زخمی درندے کی مانند پندرہ سال سے محاصرے میں گھرے غزہ پر اندھا دھند فضائی حملے کروائے، جن کے نتیجے میں فلک بوس عمارتیں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئیں۔ بوڑھے، بچے اور خواتین اپنے ہی گھروں کے ملبے میں دب کر چل بسے۔ عرب ممالک سمیت مسلم اور غیر مسلم حکمران تماشا دیکھتے رہے۔ نہ سعودی عرب کی سرپرستی میں موجود مسلم اتحاد نے مدد کی اور نہ ہی کسی نے اس وحشیانہ قتل و غارت گری کی دل سے مذمت کی۔

ایسے میں یمن کے حوثیوں نے اسرائیل سے بدلہ لینے کا اعلان کیا اور اسرائیل پر ڈرون اور میزائلوں سے تابڑ توڑ حملے کیے۔

19 نومبر سے حوثیوں نے بحیرۂ احمر میں باب المندب کے قریب اسرائیلی بحری جہازوں یا ان کے مفادات سے منسلک جہازوں کو چن چن کر ٹارگٹ کرنا شروع کیا۔ اب تک سو سے زائد اسرائیلی اور امریکی بحری جہازوں اور کشتیوں کو حوثی نشانہ بنا چکے ہیں۔

حوثیوں کے خلاف عالمی اتحاد

حوثیوں کے خلاف سعودی اتحاد کے مسلسل حملوں اور محاصرے کے بعد ایک عالمی اتحاد بنا۔

دسمبر 2023ء میں امریکہ نے برطانیہ، فرانس اور اسرائیل کے ساتھ مل کر ایک اتحاد بنایا، جس نے یمن کے حوثیوں پر پانچ مرتبہ شدید نوعیت کے مشترکہ فضائی حملے کیے اور الگ الگ حملے بھی کیے۔ یہ سلسلہ وقتاً فوقتاً چلتا رہا۔

6 مئی 2025ء کو عمان کی ثالثی میں امریکہ اور یمن کے حوثیوں کے درمیان جنگ بندی ہوئی، البتہ اسرائیل کے خلاف حوثیوں کی کارروائی جاری رہی۔

حوثی سیاسی قیادت پر اسرائیلی حملہ

اسرائیل حوثیوں پر مسلسل فضائی حملے اور بمباری کرتا رہا۔

28 اگست 2025ء کو صنعا پر اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں وزیرِ اعظم احمد غالب اور وزیرِ خارجہ جمال عامر سمیت وزیرِ اقتصاد، وزیرِ انصاف، وزیرِ زراعت، وزیرِ توانائی، وزیرِ ثقافت، وزیرِ صحت، وزیرِ کھیل اور وزیرِ اطلاعات شہید ہوئے۔ اس عظیم نقصان کے باوجود حوثی پیچھے نہیں ہٹے اور اسرائیل پر مسلسل میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کرتے رہے۔

فیصلہ کن طوفان کا رخ اب خود سعودی عرب کی طرف ہے۔

حوثی جب اسرائیل پر تابڑ توڑ حملے کر رہے تھے تو اسی دوران ایران پر امریکہ اور اسرائیل نے تمام تر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ماہِ رمضان المبارک میں فضائی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ابتدائی چند گھنٹوں میں رہبرِ معظم سمیت اعلیٰ ایرانی عسکری اور سیاسی قیادت شہید ہوئی۔ لیکن ایران نے حیران کن طور پر اسرائیل سمیت امریکہ کے مشرقِ وسطیٰ کے چھے ممالک میں موجود فوجی اڈوں پر حملے کیے۔

تین دن میں تہران فتح کرنے کے خواب دیکھنے والے آٹھ مہینوں میں سارے اڈوں کو تباہ کروانے کے بعد اب قشم کے ریڈار سے الجھتے نظر آتے ہیں۔

اس دوران بھی یمن کے حوثی اپنی بساط کے مطابق اسرائیل پر مسلسل حملے کرتے رہے۔

رہبرِ شہید کی تشییعِ جنازہ میں شرکت کرکے واپس پلٹنے والے حوثی وفد پر سعودی عرب کی طرف سے فضائی حملہ کرنے کے بعد حوثیوں نے ایک مرتبہ پھر اپنا رخ سعودی عرب کی طرف موڑا۔ سعودی محاصروں، سعودی اتحاد کے فضائی حملوں، امریکی اتحاد کے فضائی حملوں اور اب سہ رکنی اتحاد کے فضائی حملوں کے باوجود حوثیوں کی قوت اور ایمانی جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی، بلکہ وہ ننگے پاؤں لڑتے ہوئے جنوبی یمن تک پہنچ گئے ہیں۔

اس جنگ میں حوثی خود کو مشکلات سے تو نہیں نکال سکے، مگر سعودی عرب سمیت عالمی اتحاد اور علاقائی اتحادیوں کو مشکلات میں ڈالنے میں کامیاب ضرور ہوئے ہیں۔ اب حوثی جب اور جس وقت چاہیں، سعودی عرب کے اہم مقامات کو ٹارگٹ کرسکتے ہیں۔

ایران اور حوثی

میں نے حوثیوں کی تاریخ اور مصر، سعودی عرب اور امارات کے ساتھ ان کے تعلقات کے بارے میں بتایا۔ آپ سوچ رہے ہوں گے کہ حوثیوں کا ایران کے ساتھ کیا تعلق ہے؟

یہ یاد رکھیں کہ حوثیوں اور شیعوں کے عقائد میں بہت فرق ہے۔ حوثیوں کو زیدی شیعہ کہا جاتا ہے۔ شیعوں کے چوتھے امام، امام زین العابدین کے بعد ان کے امام جدا ہوجاتے ہیں۔

امام سجاد کے بیٹے زید شہید کو یہ لوگ اپنا امام مانتے ہیں۔ ان کے نزدیک جو بھی حسنی یا حسینی سید تلوار لے کر ظالم حکمرانوں کے مقابلے میں آجائے، وہ ان کا امام ہوتا ہے۔

فقہ کے اعتبار سے یہ لوگ حنفی مسلمان ہیں۔ تین صوبوں پر زمینی تنازعات کے باوجود ان کے سعودی عرب سے اچھے تعلقات تھے۔ جب حوثی مصریوں سے لڑ رہے تھے تو یہی سعودی انہیں اسلحہ فراہم کرتے تھے۔ یہ تعلقات انقلابِ اسلامی تک جاری رہے، بلکہ انقلاب کے بعد بھی ویسے ہی رہے۔

صدام نے جب کویت پر حملہ کیا تو اسے بہانہ بنا کر امریکہ نے عراق پر فضائی حملہ کردیا اور مشرقِ وسطیٰ میں اپنے اڈے مضبوط کرنے لگا۔ اس وقت سارا عرب صدام کے مخالف ہوا، مگر یمن کے حوثی اور یمنی صدام کے حامی تھے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ عرب ممالک سے یمنی باشندوں کو نکال دیا گیا۔ جس طرح اس وقت امارات سے پاکستانی نکالے جارہے ہیں، بالکل اسی طرح عرب ممالک سے یمنی نکال دیے گئے۔

یمنیوں نے ایران کا رخ کرنا شروع کیا۔ ایرانیوں نے نہ صرف انہیں خوش آمدید کہا بلکہ تعلیمی اداروں میں بھی انہیں خصوصی اہمیت دی گئی۔ انقلابِ اسلامی کی وجہ سے امریکہ کے خلاف ان کے جذبات مشترک رہے، جس نے آگے چل کر فکری قربت پیدا کی۔ ایرانیوں نے ننگے پاؤں لڑنے والی قوم کو جدید ڈرون اور میزائلوں تک پہنچایا۔

نہ فلسطین کے حماس شیعہ تھے اور نہ یمن کے حوثی شیعہ اثنا عشری تھے۔ حماس نے اسرائیل کو اپنا دشمن اور حوثیوں نے امریکہ کو اپنا دشمن سمجھا تو ایران نے ان دونوں کی حمایت اور مدد کی۔ طالبان، جو پہلے ایران دشمن تھے، جب انہوں نے اپنا رخ امریکہ کے خلاف کیا تو ایران نے ان کی مدد بھی شروع کی۔

المختصر، ایران کوئی پراکسی نہیں بناتا، البتہ جو بھی مظلوم ہو اور وہ قرآنی دستور کے مطابق ظلم کے خلاف، ظالموں کے خلاف جہاد کرے، ایران ان کے ساتھ تعاون ضرور کرتا ہے، چاہے وہ حزب اللہ ہو، حماس ہو، انصاراللہ ہو یا طالبان۔

نتیجہ

اپنے جمہوری، آئینی اور علاقائی حق کے لیے اٹھنے والے حوثی آج دنیا والوں کی نگاہ میں باغی ہیں۔ جنوب میں امارات کے اشارے پر یمن سے آزادی چاہنے والے باغی نہیں ہیں۔

الیکشن اور جمہوریت کے ذریعے ایک آزاد اور متحد یمن کا خواب دیکھنے والے حوثی باغی ہیں، اور ان کے پڑوس میں تمام تر سیاسی، مذہبی اور انفرادی آزادیوں پر قدغن لگانے والے بادشاہی نظامِ حکومت کے ظالمانہ فضائی حملوں کے حامی ہیں۔

یہودیوں اور ہندوؤں پر مکمل پابندی لگانے والے حوثی باغی ہیں، اور ان کے لیے اپنی خواتین کو نچانے والے اور بت خانہ کھولنے والے سعودی قابلِ احترام ہیں۔

عید میلادالنبی کا دنیا بھر میں سب سے بڑا جلوس نکالنے والے صنعا کے حوثی باغی ہیں، اور عید میلادالنبی پر پابندی لگانے والے اور معروف نعت خوانوں پر پابندی لگانے والے سعودی نجدی اچھے ہیں۔

عاشقِ رسول حضرت اویس قرنی کی اولادیں حرمین شریفین کے لیے خطرہ ہیں، اور ابن تیمیہ اور سعود کے حکم پر اصحابِ پیامبر، اہلِ بیتِ اطہار اور امہات المؤمنین کے قبور گرانے والے ابن تیمیہ اور سعود کی اولادوں سے حرمین شریفین کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

ایک ہزار پینسٹھ سال یمن میں حکومت کرنے والے حوثی سادات باغی ہیں، جبکہ سوڈان، شام اور لیبیا سے سعودی عرب اور امارات کے اشاروں پر جاکر جنوبی لبنان میں حوثیوں سے لڑنے والے باغی نہیں ہیں۔

کیا واقعی ایسا ہی ہے؟ سوچ لیجیے، کیونکہ سوچنے والوں کی دنیا، دنیا والوں کی سوچ سے مختلف ہوتی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha