حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین سید صادق پیشنمازی نے ایران کے صوبہ مازندران کے مدرسہ علمیہ حضرت نرجس (س) میں منعقدہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے ولایت اور امامت کے دفاع میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کا ذکر کیا اور امام کی معرفت اور ان کی پیروی کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے بیماری کے ایام اور زندگی کے آخری لمحات میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے طرزِ عمل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: رات کے وقت تدفین کی وصیت کرنا اور اس بات پر تاکید کرنا کہ وقت کے حکمرانوں کی موجودگی میں آپ سلام اللہ علیہا کی تشییعِ جنازہ نہ ہو، سخت ترین حالات میں بھی حق کے دفاع کی نمایاں مثال ہے۔
حجت الاسلام پیشنمازی نے مزید کہا: حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کا وقت کے حکمرانوں سے ملاقات قبول نہ کرنا اور ان کے سلام کا جواب نہ دینا بھی دفاعِ ولایت میں آپ سلام اللہ علیہا کی ثابت قدمی کو ظاہر کرتا ہے۔ ہمیں بھی مختلف حالات میں حق کا دفاع اور نائب امام کی حمایت کرنی چاہیے۔
مجلس خبرگانِ رہبری کے اس رکن نے اپنی گفتگو کے دوران واقعۂ کربلا اور امام حسین علیہ السلام سے بیعت طلب کیے جانے کا ذکر کرتے ہوئے انسانی زندگی میں گفتگو اور زبان کے فیصلہ کن کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا: بعض اوقات حتی ایک لفظ ایمان یا کفر کا سبب بن سکتا ہے، کسی فتنے کو جنم دے سکتا ہے یا اسے ختم کرسکتا ہے، کسی کی عزت محفوظ رکھ سکتا ہے یا اسے پامال کرسکتا ہے اور حتیٰ کہ ازدواجی رشتے کے قیام یا طلاق کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔ اس لیے زبان کی حفاظت، اخلاقی سلوک اور تزکیۂ نفس کے اہم ترین ارکان میں سے ایک ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین پیشنمازی نے معرفت شناسی اور انسان کے حقیقی مفادات کی پہچان کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: انسان کے اعمال اور رویے اس کی شناخت اور نفع و نقصان کے بارے میں اس کے ادراک کی بنیاد پر تشکیل پاتے ہیں۔ بعض اوقات انسان اپنے مفادات کی غلط شناخت کی وجہ سے ایسا فیصلہ کرلیتا ہے جس پر بعد میں اسے پشیمانی ہوتی ہے۔ لہٰذا کردار کی اصلاح کے لیے سوچ کی اصلاح اور معرفت کی سطح بلند کرنا ضروری ہے۔










آپ کا تبصرہ