حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مسجد الاقصیٰ کے خطیب شیخ عکرمہ صبری نے ایا صوفیہ میوزیم کو مسجد میں تبدیل کرنے کے اقدام پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ترکی اور مسلم دنیا کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے اپنے وائس میسج میں کہا: ایا صوفیہ میوزیم کو مسجد میں تبدیل کرنے پر ہم یہ پیغام مسجد الاقصیٰ کے جوار، بیت المقدس اور فلسطین کی مقدس سرزمین سے طیب اردگان کو بھیج رہے ہیں۔
ہیئت عالی اسلامی کے سربراہ شیخ صبری نے مزید کہا: اردگان کے اس حکیمانہ اور عادلانہ اقدام نے مسجد کے تقدس کو دوبارہ زندہ کر دیا ہے۔
مسجد الاقصیٰ کے خطیب نے کہا: بیت المقدس میں ہمیں اس اقدام پر بہت خوشی ہوئی اور ہم اردگان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
شیخ صبری نے کہا کہ اردگان کے اس شجاع اور قوت ایمانی سے لبریز اقدام کی وجہ سے اب ایاصوفیہ سے اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہوں گی۔ ہم اس موقع پر اپنے آپ اور ترکی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کیونکہ یہ مسجد مسلمانان عالم سے متعلق ہے۔
یاد رہے کہ ایا صوفیہ میوزیم کو مسجد میں تبدیل کیے جانے کے بعد مختلف قسم کے ردعمل سامنے آئے ہیں۔