حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید نصرت علی جعفری وکیل مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمی حاج آقای جوادی آملی دام ظلہ نے مولانا مرحوم ابن حیدر طاب ثراہ کی رحلت پر افسوس اور غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی۔
تعزیتی بیان کا مکمل متن اس طرح ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
انا للہ و انا الیہ راجعون
یوم عرفہ روز شہادت سفیر حسینی حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام غم خیز خبر ملی کہ مبلغ مکتب حسینی عندلیب بوستان خطابت استاد الاساتذہ حضرت مولانا سید ابن حیدر صاحب طاب مثواہ نے رحلت فرمائی، جسے سن کر بے حد افسوس ہوا۔
مولانا مرحوم نے ہندوستان کی مشہور دینی درسگاہ جامعہ ناظمیہ میں تعلیم حاصل کی اور فارغ التحصیل ہونے کے بعد وہیں استاد ہو گئے۔ ایک طویل عرصہ سے مسند تدریس کی زینت تھے آپ کے شاگردان کی ایک طویل فہرست ہے جو پوری دنیا میں دینی خدمات میں مصروف ہیں۔
سال گذشتہ عشرہ اولی میں خدمت عزا کے لئے ناچیز شہید سعید فقیہ اہلبیت قاضی سید نوراللہ شوستری رہ کے جوار میں تھا۔ جہاں مولانا مرحوم نصف صدی سے زیادہ عرصہ سے عشرہ اولی میں خطاب فرما رہے تھے ملاقات ہوئی، انکے بیانات سننے کے علاوہ گفتگو کا شرف حاصل ہوا آپ سے مختلف علمی موضوعات پر گفتگو ہوئی تو آپ کے اخلاق، انکساری اور علمی و ادبی جلالت کا احساس ہوا۔ حقیر اگرچہ ان کے شاگردوں کا شاگرد ہے لیکن نہایت اخلاق سے ملتے۔ محبت و شفقت سے گفتگو فرماتے اور حقیر کے معروضات سنتے اور حوصلہ افزائی بھی فرماتے نیز ہندوستان میں تبلیغی و تدریسی خدمات کی تشویق فرمائی۔
اس دورہ قحط الرجال میں ایسے جلیل القدر عالم، معلم، مربی، منفرد لب و لہجہ کے خطیب کی رحلت ایک عظیم دینی، علمی اور قومی خسارہ ہے بلکہ ایک عہد کا خاتمہ ہے۔
بارگاہ معبود میں دعا ہے رحمت و مغفرت فرماے اور سفیر حسینی حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام کے جوار میں بلند درجات عطا فرماے۔
آمین
جملہ پسماندگان ، وابستگان ، عقیدتمندان، شاگراد خصوصا اہل خانہ و وابستگان جامعہ ناظمیہ بالاخص سرکار امیرالعلماء آیت اللہ سید حمیدالحسن صاحب قبلہ دام مجدہ کی خدمت میں تعزیت عرض ہے۔
شریک غم
مولانا سید نصرت علی جعفری
وکیل مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمی حاج آقای جوادی آملی دام ظلہ۔
قم مقدس ایران اسلامی