حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روس میں ایرانی سفارتخانے کے اقدام پر ، ایرانی سفیر کاظم جلالی اور مفتی کونسل روس کے چیئرمین ، شیخ راویل گاینوتدین کے مابین ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ، اس ٹیلیفونک گفتگو میں ، شیخ راویل گاینوتدین نے آیت اللہ محمد علی تسخیری کی یاد میں بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کے لئے ایرانی فریق کی پیش کش کا خیرمقدم کیا ہے ۔
روس کی مفتی کونسل کے سربراہ نے کہا کہ روس کے مسلمانوں کے نمائندے کی حیثیت سے ، میں اسلامک اسکالر اور دانشمند آیت اللہ تسخیری کی وفات پر اظہار تعزیت کرتا ہوں۔ ان کی موت عالم اسلام کے لئے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ روس میں بنیادی طور پر اسلامی تعلیمات کی ترویج اور ترقی میں آیت اللہ تسخیری کا بڑا کردار رہا ہے۔ آیت اللہ تسخیری بین الاقوامی سطح پر مسلم فورم کے بانی اور انٹرنیشنل مسلم فورم کے پروگرام میں باقاعدہ طور پر ہمیشہ شریک ہوتے تھے۔
روس کی مفتی کونسل کے سربراہ نے یہ بھی بتایا کہ آیت اللہ تسخیری کو ان کی عظیم کاوشوں کی وجہ سے دو بار روسی مسلمانوں کی جانب سے اعلی تمغے سے نوازا گیا ہے۔
آخر میں ، فریقین نے دونوں ممالک کے مابین مذہبی، ثقافتی رواجوں کو فروغ دینے اور تعلقات کو مزید بڑھانےکی ضرورت پر زور دیا۔