حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ماہنامہ جعفری آبزرور ممبئی کے مدیر و سرزمین ھندوستان کے برجستہ عالم دین حجت الاسلام و المسلمین سید محمد ذکی حسن نے حکیم امت مولانا ڈاکٹر کلب صادق کی رحلت پر اظہار تعزیت پیش کی اور کہا کہ مرحوم کی کئی دہائیوں پر مبنی دینی، قومی، سماجی، تعلیمی، فلاحی خدمات انہیں ہمیشہ زندہ و پایندہ رکھیں گی۔
تعزیتی پیغام کا مکمل متن اس طرح ہے:
انا لله وانا اليه راجعون
خاندان اجتہاد کے چشم و چراغ ، مصلح ملت ، مخلص قوم، حکیم امت مولانا سید کلب صادق نقوی صاحب کو مرحوم لکھتے ہوئے قلم لرز رہا ہے ۔
مرحوم کی کئی دہائیوں پر مبنی دینی، قومی، سماجی، تعلیمی، فلاحی خدمات انہیں ہمیشہ زندہ و پایندہ رکھیں گی ۔
اور اسکول، کالج، ہسپتال، میڈکل کالج کے قیام جیسی ناقابل فراموش خدمتیں ہمیشہ یاد کی جائیں گی ۔ گفتگو میں خوشمزاجی، بیان میں سادگی، اخلاقی اقدار کی بلندی، قوم و ملت کے اتحاد کے لئے مسلسل سعی و کوشش، سادہ زندگی، منکسر مزاجی جیسی بے مثال خوبیوں نے مولانا کو ہر دلعزیز اور محوب خلائق شخصیت بنا دیا تھا ۔
میں پوری ملت کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور مرحوم کے تمام ورثاء کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتا ہوں ۔
خدا وندکریم مرحوم کو جوار معصومین ع میں بلند ترین درجہ عنایت فرمائے ۔
مولانا سید محمد ذکی حسن
ایڈیٹر ماہنامہ ' جعفری آبزرور' ممبئی