۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
مختار عباس نقوی

حوزہ/ جموں و کشمیر میں جن افراد نے لوگوں کے حقوق لوٹے ہیں اور امانت میں خیانت کی ہے انہیں اس کا حساب دینا ہوگا۔ کیونکہ مودی کے دور میں لوٹ میں چھوٹ نہیں ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں جن لوگوں نے لوٹ مچائی ہے اور امانت میں خیانت کے مرتکب ہوئے ہیں انہیں پائی پائی کا حساب دینا ہوگا انہوں نے کہا کہ پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن ”بڑے بڑے گناہ گاروں“ کا اتحاد ہے اور انہوں نے یہ اتحاد اپنے آپ کو بچانے کے لئے تشکیل دیا ہے۔

مختار عباس نقوی نے جمعہ کو سری نگر کے مضافاتی علاقہ بالہامہ میں بی جے پی کے کارکنوں کے ایک اجتماع کے حاشیے پر نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران یہ باتیں کہیں۔ انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا: 'جموں و کشمیر میں لوٹ کھسوٹ ہوئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے لوٹ کے بازار کو بند کر دیا ہے۔ جموں و کشمیر میں جن افراد نے لوگوں کے حقوق لوٹے ہیں اور امانت میں خیانت کی ہے انہیں اس کا حساب دینا ہوگا۔ کیونکہ مودی کے دور میں لوٹ میں چھوٹ نہیں ہے'۔

مسٹر نقوی نے پیپلز الائنس فار گپکار اعلامیہ پر دوسرے دن بھی لفظی حملے جاری رکھتے ہوئے کہا”یہ جو الائنس بنا ہے وہ اپنے کو بچانے کے لئے ہے۔ یہ الیکشن کے لئے نہیں ہے۔ انہیں پتہ ہے کہ ہم سے بڑے گناہ ہوئے ہیں۔ یہ گناہوں کے دیوتا ہیں۔ گناہوں کے ان دیوتاﺅں کو بعد میں کہاں جانا ہے وہ انہیں بھی معلوم ہے“۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ انتخابات کے لئے جاری سیاسی عمل میں پورے جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا”یہ سیاسی عمل لوگوں کی ترقی اور خوشحالی یقینی بنائے گا۔ وہ عناصر جو لوگوں کو اس سیاسی یا جمہوری عمل میں شرکت سے روک رہے تھے ان کے تمام منصوبے چکنا چور ہو رہے ہیں“۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .