حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، "یاد شہداۓ مقاومت" کے موضوع پر آئی کے ایم ٹی کرگل کی زیر نگرانی چہار روزہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقعہ پر ادارے کے ادبی و ثقافتی شعبہ " بزم ادب ' آئی کے ایم ٹی کی جانب سے کنونشن ہال خمینی ٹاور میں مقالہ و شعر خوانی کی ایک عظیم الشان مجلس کا انعقاد ہوا جس میں بزم ادب سے وابستہ شعراء و مقالہ نگاروں نے پوریگی،شینا اور اُردو زبانوں میں اپنے اشعار اور مقالوں کے ذریعے شہیداں مقاومت الحاج قاسم سلیمانی، ابو مہدی المہندس اور دیگر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
شعراء میں حاجی علی بابا، غلام قادر ذکی، محمد حسین رہنما اور محمد علی خمار نے اپنے بہترین اشعار کے ذریعے شہداء کو گلہائے عقیدت پیش کیا۔ جبکہ سجّاد علی شجاعت، حاجی غلام مرتضیٰ ایڈوکیٹ اور ناصر الدین خفی نے شہیدوں کے زندگی اور کارناموں پر مقالے پیش کیے۔
مجلس کی نظامت کے فرائض معروف ادیب محمد عیسیٰ صابری نے انجام دیا۔جبکہ بزم ادب کے وائس چیئرمین حاجی محمد علی نوشین نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔مجلس میں سخت سردی کے باوجود ایک جم غفیر نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیرمین آئی کے ایم ٹی شیخ محمد صادق رجائی نے شہید مقاومت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے گزشتہ برس کے اپنے ایران کے دورہ کے دوران بیت حاج قاسم پر شہید کے خانوادہ اور کرمان میں اُن کے قبر شریف کی دیدار کی معنویت سے اپنے خاطرات بیان کیے۔
اُنہوں نے شہید حاج قاسم کو جناب سیدہ سلام اللہ علیہا کا حقیقی عاشق قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوران جہاد شہید مشکل حالات میں ہمیشہ جناب فاطمہ سلام اللہ علیہا کے ارشادات سے متصل رہتے تھے۔مزید اُنہوں نے شہداء کے روشن کردار اور حیات بخش کارناموں کو بھی بیان کیا اور عالم انسانیت کی خوشحالی اور عالمی وبائی امراض جیسے مشکلات سے نجات کے لیے دعا کیا۔اس موقعہ پر آئی کے ایم ٹی کے نگران کونسل کے سربراہ حجت الاسلام شیخ محمد محقق، سینئر ممبر الحاج اصغر علی کربلائی، وائس چیئرمین اُمور مذہبی حجت الاسلام شیخ بشیر شاکر اور حجت الاسلام شیخ عیسی حافظی بھی موجود تھے۔
قابل ذکر ہے کہ آئی کے ایم ٹی کرگل کی جانب سے تین جنوری تک شہداء کی برسی کے مناسبت سے مختلف نوعیت کے پروگرام کا اہتمام کیا گیا ہے۔اور اس سلسلے کے تحت یکم جنوری سے شہیدوں کی یاد میں تصویری نمائش کا افتتاح کیا جائے گا جسے بسیج روحانیون نے مرتب کیا ہے۔