حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ادارہ مقصد حسینی کے صدر مولانا سیدر ضا حسین رضوی نے وسیم رضوی کے قرآن مخالف حالیہ بیان کے تعلق سے کہا کہ وسیم رضوی کچھ نہیں ہے ۔ اسے تو قرآن مجید کا علم بھی نہیں ہے ۔ وہ دشمن اسلام کو خوش کررہا ہے اور انہیں کے اشارہ پر کام کررہا ہے۔
مولانانے اپنے بیان میں وسیم رضوی کو چیلنج کیا کہ اس نے ۲۶؍ آیات کو قرآن سے ہٹانے کاجو مطالبہ کیا ہے ، اگر وہ ان آیات کی صحیح تلاوت کرسکاتو ہم اس کی بات کو سننے کے قابل سمجھیں گے ورنہ اس کی حیثیت ہی کیا ہے ۔ وہ تو محض دشمن کا آلہ کار ہے ۔
مولانا نے اپنے بیان میں کہا کہ وسیم رضوی کافی برسوں سے شیعہ سنی اتحاد کو ختم کرنے کی کوشش کررہا ہے مگر جب اسے سزا نہ ملی تو اس کی جرأت اس حد تک بڑھ گئی کہ وہ قرآن کے خلاف بولنے لگا ۔ ہم شیعہ اور سنی کو اس بات کو سمجھ لینا چاہئے کہ ہم سب ایک امت ہیں اور ایک قرآن کے ماننے والے ہیں ۔ اس لیے دشمن کی سازش کو ناکام بنائیں اور وسیم رضوی جیسے شر پسند عناصر کے خلاف سخت اقدام کریں ۔