۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
قدیمی امام بارگاہ حسن آباد میں محفل میلاد حضرت امام حسین (ع) کا انعقاد:

حوزہ/ صدر انجمن شرعی شیعیان کشمیر نے کہا کہ قرآن کریم کی ترمیم اور تنسیخ کی باتیں استکباری ایجنڈے کی کڑیاں ہے اس طرح کے ارتدادی نظریات قرآن مقدس کی اعتباریت اور عظمت کو ذرا بھر متاثر نہیں کرسکتے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نواسہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و آلہ و سلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں شاندار محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ محفل میلاد میں تنظیم کے شعبہ باب العلم سے منسلک حوزہ علمیہ اور مکاتب کے طلاب اور معلمین و معلمات کے علاوہ لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی اس موقع پر علمائے کرام نے حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزیمانہ سیرت اور حیات طیبہ کے گوشوں کی وضاحت کی۔

انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے فرزندان توحید کو نواسہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم حضرت امام حسین علیہ السلام، علمدار کربلا حضرت عباس ابن علی علیہ السلام اور سید الساجدین حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے ایام ولادت کے موقع پر ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن و عترت کا باہمی ربط، روح و بدن کے رشتے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اہلبیت علیہم السلام کی عظمت کا روشن ترین پہلو قرآن مقدس اور تقدس رسالت کے لئے معصومین علیہم السلام کا کردار و عمل اور صبر آزما جدوجہد ہے جس کی پاداش میں ان تمام خاصان خدا کو درجہ شہادت پہنچایا گیا۔

آغا صاحب نے حضرت امام حسین علیہ السلام کے حماسی اقدام کو توہین قرآن و رسالت ؐ کے خلاف سر فروشانہ رد عمل کا اعلیٰ ترین نمونہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی ترمیم اور تنسیخ کی باتیں استکباری ایجنڈے کی کڑیاں ہے اس طرح کے ارتدادی نظریات قرآن مقدس کی اعتباریت اور عظمت کو ذرا بھر متاثر نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے نجس نظریات کو ہمیشہ اسلام دشمن قوتوں کی پشت پناہی حاصل رہی ہے لیکن مسلمانوں کے عزم و ایمان اور آپسی اتحاد نے ہر دور میں ایسی سازشوں کو ناکام بناکر اسلام دشمن قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملایا ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .