۵ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۵ شوال ۱۴۴۵ | Apr 24, 2024
متحدہ علماء فورم گلگت بلتستان

حوزہ/ ماہ رمضان کے روزے امت محمدی پر اللہ تعالی کا بہت بڑا احسان ہے کہ جس کے زریعے خطاکاروں کو اپنی اصلاح کا موقع فراہم کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،متحدہ علماء فورم گلگت بلتستان کے زیر اہتمام قم المقدس میں "خواص اور عوام کے روزے کی خصوصیات" کے عنوان پر علمی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ جس کا آغاز حجۃ الاسلام قاری علی شکور نے تلاوت کلام مجید سے کیا۔ علمی نشست کے خطیب حجۃ الاسلام والمسلمین آقای علی محمد جوادی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماہ رمضان کے روزے امت محمدی پر اللہ تعالی کا بہت بڑا احسان ہے کہ جس کے زریعے خطاکاروں کو اپنی اصلاح کا موقع فراہم کیا۔

انہوں نے صحیفہ سجادیہ میں امام زین العابدین کی دعا کا حوالہ دیتے ہوے کہا: ماہ رمضان پرائمری سطح سے ہائی سطح تک انسان کی تربیت کا انتظام ہے امام نے اس دعا میں روزہ داروں کے روزوں کی کیفیت کی بنیاد پر مراتب بیان فرمایاہے اس دعا میں امام نے روزوں کے چار اسٹیجز کی جانب اشارہ فرمایا ہے۔

پہلا اسٹیج عام مسلمان عوام کا جس میں کھانے , پینے اور جنسی روابط سے اجتناب ہے جس کی سب عوام روزے کی حالت میں رعایت کرتے ہیں۔ دوسرا اسٹیج متدین مؤمنین کا ہے جس میں مذکورہ چیزوں کی رعایت کے علاوہ اعضاء و جوارح کا بھی روزہ رکھنا ضروری سمجھتے ہیں۔ تیسرا اسٹیج خواص (علماء و عرفا) کا ہے جس میں پہلے والے دو مرحلوں کے علاوہ مکروہات اور شبھات سے بھی پرہیز کرنا واجب سمجھتے ہیں۔ چوتھا اسٹیج خواص الخواص (معصومین) کا ہے کہ جس میں پہلے تین مرحلوں کے علاوہ تمام حرکات، سکنات، فکر و خیال, زھنیات،نفسیات،نظریات اور نیات کا بھی روزہ ضروری سمجھتے ہیں۔ اس مرحلے پر انساں اللہ تعالی کی صفات اور الہی رنگ میں غوطہ ور ہوتاہے اور ہر چیز میں خدا نظر آتا ہے۔

انہوں نے اپنے بیانات کو جاری رکھتے ہوے کہا کہ اللہ تعالی نے ایک ہی مہینے میں انسان کی ابتدائی تربیت سے لیکر عالی تریں تربیت کا انتظام ماہ رمضان کے زریعے فرمایا ہے۔ چونکہ اللہ نے روزے کا فلسفہ تقوی بیان فرمایا ہے تو ضروری ہے کہ روزہ دار اپنے تقوی کو قوی بنانے کے لئے اپنے روزوں کی کوالٹی کو بہتر بنائے جس کا تقوی قوی ہوگا اتنا ہی پیچیدہ مسائل میں اس کی شناخت اور تشخیص کی صلاحیت اور قوت میں اضافہ ہوگا اور مشکلات کے حل میں آسانی ہوگی۔ پس انسان کو چاہئے کہ وہ اپنے روزوں کی کوالٹی کو ابتدائی اسٹیج تک محدود نہ کرے کم از کم دوسرے اسٹیج کی کوالٹی تک اپنے روزوں کو پہنچانا چاہئے۔

نشست کے آخر میں شرکاء کیلئے افطاری اور کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ علمی نشست میں گلگت بلتستان کے طلاب کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ قائم مقام صدر متحدہ علماء فورم جی بی حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر بشیر احمد استوری نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .