حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی سے ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ اوقاف اطہر مسعود کے کامیاب مزاکرات اور شیعہ علماء کے مطالبات پر آئندہ دس روز میں عمل درآمد کی یقین دہانی ۔آج ہونے والا احتجاجی مظاہرہ مؤخر کرنے کے بعد علامہ عبدالخالق اسدی نے ملت جعفریہ پاکستان کے جید علمائے کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیعہ علماء کو درپیش خدشات دور کرنے کی یقین دہانی کی گئی ہے۔ آج اکیس جون کو ہونے والا علمائے کرام کا احتجاجی مظاہرہ ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ اوقاف اطہر مسعود کی یقین دہانی پر دس دن کیلئے موخر کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خدشات دور نہ ہوئے تو یکم جولائی سے پنجاب بھر میں علماء کرام سڑکوں پہ ہونگے۔ ہم پاکستان کو ایک پر امن اور معتدل ریاست بنانا چاہتے ہیں. مذہبی رواداری اور اتحاد امت ہماری اولین ترجیح ہے ۔ لیکن اپنے عقائد پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کر سکتے ۔ متحدہ علماء بورڈ میں شیعہ مکتب فکر کی نمائندگی برابری کی سطح پر دیکھنا چاہتے ہیں ۔ جس کی یقین دہانی محکمہ اوقاف نے کی ہے ۔ اب گیند حکومت کی کورٹ میں ہے کہ و ہ اس حساس مسئلے پہ کیا لائحہ عمل اختیار کرتے ہیں ۔ ہم اپنے آئینی ، قانونی و جمہوری حقوق کے لئے ہر قسم کی آئینی و قانونی پر امن جدو جہد کے لئے آمادہ ہیں ۔
ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ اوقاف اطہر مسعود نے شیعہ علمائے کرام کی مذاکراتی کمیٹی کو یقین دلا کر کہا کہ دیے گئے وقت کے اندر شیعہ علمائے کرام کے مطالبات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ پریس کانفرنس میں علامہ سید حسن رضا ہمدانی ،علامہ گلزار فیاضی سمیت درجنوں جید علمائے کرام نے شرکت کی۔
آپ کا تبصرہ