حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ولادت باسعادت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کی مناسبت سے ملک بھر میں جشن دہہ کرامت کا سلسلہ جاری ہے، خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران ملتان میں بھی جشن دہہ کرامت کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
جشن سے انچارج خانہ فرہنگ ملتان خانم زاہدہ بخاری، مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، پاکستان عزاداری کونسل کے چیئرمین علامہ سید مجاہد عباس گردیزی، مولانا مصطفی خان، مولانا معید عسکر کاظمی، مخدوم حسن رضا مشہدی، سید نوازش علی زیدی، سید مرتضی زمان گردیزی، سفیر حسین، نورالامین خاکوانی اور دیگر نے خطاب کیا۔
رہنمائوں نے اپنے خطابات میں فضائل بی بی معصومہ قم سلام اللہ علیہا و امام رضا علیہ السلام بیان کیے۔ رہنمائوں نے کہا کہ امام رضا علیہ السلام کا نیشاپور کا تاریخی خطبہ حق و باطل کی لکیر ہے، دشمن اللہ کی نشانیوں کے خلاف چالیں چلتا ہے لیکن خدا اپنی نشانیوں کی خود محافظت کرتا ہے، امام رضا علیہ السلام کا فیض آج بھی جاری ہے، آپ کا روضہ مقدس مرجع خلائق بنا ہوا ہے جہاں سے مانگی ہوئی دعا خدا رد نہیں کرتا اسی لیے تو آپ کے روضہ مبارکہ کو زمین پر ریاض الجنہ کہا جاتا ہے۔
اس موقع پر مختار سومرو، ارشد بخاری، مخدوم عون عباس شمسی، مخدوم علی زین گردیزی اور دیگر بھی موجود تھے۔
آپ کا تبصرہ