۹ فروردین ۱۴۰۳ |۱۸ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 28, 2024
مختار عباس نقوی

حوزہ/مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کہا کہ' ڈیجیٹل، آن لائن سسٹم کی وجہ سے حج کا پورا عمل شفاف اور آسان ہوا ہے۔ اس کے ذریعہ بھارتی عازمین حج کو بہتر سہولیات ملیں ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ بھارت میں صد فیصد ڈیجیٹل، آن لائن حج انتظامات کی بناء پر حج سبسڈی کے خاتمے کے باوجود ہندوستان کے عازمین حج پر غیر ضروری اقتصادی بوجھ نہیں پڑا ہے۔ آج قونصلیٹ جنرل آف انڈیا، جدہ (سعودی عرب) کے زیر اہتمام منعقدہ75 سالہ ہند سعودی عرب کے سفارتی تعلقات اور بھارت کی آزادی کے 75 سالہ "امرت مہوتسو" جشن کے پروگرام کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے نقوی نے کہا کہ سفرِ حج، بھارت۔ سعو دی عرب کے مابین دوطرفہ مضبوط تعلقات کا اہم حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان سفر حج کے مکمل عمل کو صد فیصد ڈیجیٹل اور آن لائن کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ ڈیجیٹل، آن لائن حج سسٹم کی وجہ سے حج سبسڈی ختم ہونے کے باوجود عازمین حج پر کوئی مالی بوجھ نہیں پڑا ہے اور سنہ 2019 میں بھارت سے ریکارڈ دو(2) لاکھ مسلمان حج سبسڈی کے بغیر سفر حج پر گئے۔

نقوی نے کہا کہ ڈیجیٹل، آن لائن سسٹم کی وجہ سے حج کا پورا عمل شفاف اور آسان ہوا ہے۔ آن لائن درخواست، ای۔ویزا، حج موبائل ایپ، حاجیوں کے سامان کی ڈیجیٹل پری ٹیگنگ، حج گروپ کے منتظمین کے لیے پورٹل وغیرہ کے انتظام کے ذریعہ بھارتی عازمین حج کو بہتر سہولیات ملی ہیں۔

وزیر موصوف نے کہا کہ 2018سے بھارت کی مسلم خواتین کو "محرم" (مرد رشتہ دار) کے بغیر حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے جس کو بھارت اور دیگر ممالک میں زبردست سراہا گیا ہے۔ سنہ 2018 سے ابھی تک تقریباً 3500 خواتین نے "محرم" کے بغیر سفر حج ادا کیا ہے۔ ان خواتین کو لاٹری سسٹم سے باہر رکھا جاتا ہے۔ ان خواتین حاجیوں کی مدد کے لیے بھارت سے خواتین افسران اور معاونین بھیجے جاتے ہیں۔

نقوی نے اس موقع پر ہندوستان کے حجاج کرام کو بہتر سہولیات فراہم کرانے کے لیے، خادم حرمین شریفین سلمان بن عبد العزیز السعود اور سعودی عرب ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔

قوی نے کہا کہ کورونا وباء کی وجہ سے حج 2021 کے دوران بھارت سے حجاج کرام حج پر نہیں جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اور سعودی عرب، عالمی امن، ترقی اور خوشحالی کے نظریات میں برابر کے شریک ہیں۔ دونوں ممالک مضبوط تاریخی، ثقافتی، معاشی اور سفارتی تعلقات سے وابستہ ہیں۔ سیاسی رہنماؤں اور اعلیٰ افسران کے طے شدہ باضابطہ دو طرفہ دوروں سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید تقویت ملی ہے۔ اکتوبر 2019 میں بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کے سعودی عرب کے دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی توانائی اور نئی بلندیاں عطا ہوئی ہیں۔

نقوی نے ہندوستان کی حج کی ایجنسیو ں کو مکمل تعاون دینے پر، سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ اور دیگر ایجنسیوں شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید، چیئر مین جنوب ایشیا مؤسسہ، ہز ایکسیلینسی رفعت اسمٰعیل بدر، حج کمیٹی آف انڈیا کے سی۔ای۔او۔ ڈاکٹر ایم اے خان، ابراہیم سیف الدین (بوہرہ رباط)، اور بھارت اور سعودی عرب کے دیگر اعلیٰ افیسران ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شامل ہوئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .