حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، املو،مبارکپور ،اعظم گڑھ(اتر پردیش )/ شیعہ عازمین حج سے جحفہ میقات کے لئے وصول کی جانے والی رقم میں غیر متوقع طور سے ہونے والے اضافے کی پرزور مخالفت ہونے کے بعد منگل کو حج کمیٹی آف انڈیا کو اپنا فیصلہ بدلنا پڑا۔حج کمیٹی آف انڈیا نے سابق میں جاری سرکلر میں ترمیم کرتے ہوئے عازمین حج کی باقی رقم کے علاوہ جحفہ کٹوتی کٹیگری کا انتخاب کرنے والے عازمین حج سے 115سعودی ریال یعنی 2611روپئے جمع کرنے کو کہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے گزشتہ ہفتہ کو عازمین حج 2023ء کا کل خرچ کا اعلان کیا تھا جس میں ایڈوانس اور پہلی قسط کے بعد آخری طور پر جمع کی جانے والی رقم کے ساتھ ہی جحفہ کٹیگری کا انتخاب کرنے والے عازمین حج سے میقات کے لئے 1097.1 سعودی ریال کی شکل میں 24,907 روپئے جمع کرنے کو کہا تھا جس کی مخالفت ہونے پر منگل کو حج کمیٹی اپنا فیصلہ بدلتے ہوئے میقات کے لئے 115 سعودی ریال مقرر کرتے ہوئے جمع رقم کے علاوہ 2611 روپئے جمع کرنے کی ہدایت دی تھی ‘‘۔(روزنامہ اودھنامہ اردو لکھنؤ،مورخہ ۱۰؍ مئی ۲۰۲۳ء)
الحاج مولانا ابن حسن املوی واعظ ترجمان مجمع علماءوواعظین پوروانچل نے بھی مرکزی حج کمیٹی آف انڈیا کے سابقہ سرکلر کی سخت مخالفت اور مذمت کی تھی اور اب مذکورہ فیصلہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 24,907 روپئے میں سے گھٹا کر ایکدم 2611 روپئے کرنا یہ بھی مرکزی حج کمیٹی آف انڈیا کے طریقۂ کار پر کئی سوال کھڑا کرتا ہے۔متعدد عازمین حج نے بتایا کہ وہ جحفہ میقات کا آپشن کینسل کرانے کے لئے مرکزی حج کمیٹی کو بذریعہ ای میل درخواست دئیے ہیں جس کے بعد یہ 2611 روپئے کا مطالبہ بھی رد ہو گیاہے۔